محبوب نگر میں آٹو رکشا ۔ لاری تصادم ، 12 ہلاک ، آٹو میں بشمول خواتین 18 کھیت مزدورتھے

,

   

حیدرآباد۔ 4 اگست (پی ٹی آئی) ضلع محبوب نگر میں اتوار کو ایک آٹو رکشا، ایک لاری سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں آٹو رکشا میں سوار 12 مسافرین ہلاک ہوگئے جن میں چند خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس نے کہا کہ اس ضلع کے مڈبل منڈل کے تحت کتہ پلی گاؤں میں یہ حادثہ پیش آیا جب ایک لاری مخالف سمت سے آنے والے آٹو رکشا سے ٹکرا گئی۔ مہلوکین میں اکثر کھیت مزدور تھے جو کام ختم ہونے کے بعد گھر واپس ہورہے تھے۔ پولیس نے کہا کہ حادثہ کے وقت اس آٹو رکشا میں 16 افراد سوار تھے۔ تلنگانہ کے چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ نے اس سڑک حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ چیف منسٹر نے غم زدہ ارکان خاندان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو موثر طبی امداد فراہم کی جائے۔ اس دوران مقامی دیہاتیوں کے ایک گروپ نے جس میں مہلوکین کے افراد خاندان اور رشتہ دار بھی شامل تھے، ہلاکتوں پر معاوضہ کی ادائیگی کے بشمول انصاف رسانی کا مطالبہ کیا۔ اس حادثہ کے بعد سارے گاؤں میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ۔ مہلوکین کے گھروں پر رشتہ داروں اور سوگواروں کا ہجوم دیکھا گیا۔