محبوب نگر میں پولیس کے متعصبانہ رویہ پر مسلمانوں میں بے چینی

   

ظالم پولیس جوانوں پر کارروائی کے بجائے مظلوم فیاض اور یوٹیوبر اظہر خاں پر مقدمات کی مذمت

محبوب نگر ۔14 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 2 اکٹوبر کی شب دعوت سے اپنے گھر لوٹنے والے ہنومان پورہ علاقہ کے ایک نوجوان محمد فیاض کو ون ٹاؤن پولیس سے وابستہ دو کانسٹیبلس کی جانب سے شدید زد وکوب کئے جانے کے واقعہ سے محبوب نگر کی عوام بخوبی واقف ہیں۔ اور اسی شب میٹرو نیوز یوٹیوب چینل پر اس معاملہ کے متعلق حقائق کو بھی نشر کیاگیا تھا۔ دوسرے دن محبوب نگر کے نمائندہ مسلم قائدین نے مظلوم فیاض کے ہمراہ ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن پہنچ کر دونوں کانسٹیبلس کے خلاف درخواست دیتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن حیرت اس بات پر ہوئی کہ انسپکٹر آف پولیس ون ٹاؤن نے دو دن بعد خود فیاض اور میٹرو نیوز چینل کے کرسپانڈنٹ محمد اظہرخان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت دو مقدمات در ج کردیئے۔ اس بات سے شہر محبوب نگر کے انصاف پسند سیکولر قائدین اور مسلمانوں میں بے چینی کی کیفیت دیکھی جا رہی تھی ، اسی ضمن میں 13اکٹوبر کی شام محبوب نگر کے محبوبیہ ہال میں ایک کل جماعتی اجلاس خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی، بیکم جنادردھن ایڈوکیٹ کنوینر پروگریسیو تھنکرس فورم، محمد حنیف احمد کنوینر ایم آر جے اے سی، مولانامحمد ناصر مظاہری صدر جمعیت العلماء محبوب نگر، کرومورتی قائد سی پی آئی پارٹی، وینکٹیش نیو ڈیموکریس ماس لائن، لکشمنا امبیڈکرسٹ، جکا گوپال تلنگانہ جہد کار، محمد عبدالمجید سیکریٹری جامعہ مسجد، محمد محسن خان، حافظ ادریس سراجی، محمد نعیم عمران، تمام بی آر ایس،شیخ سراج الدین، خالد نوید، مرزا بدیع اللہ بیگ، جماعت اسلامی ہند، ناصر بن احمد بابر شیخ ،محمد احمد علی ثناء کنوینر، عبداللہ ایدوکیٹ جائنٹ کنوینر اے پی سی آر محبوب نگر، محمد تقی کنوینر، طیب باشوار کو کنوینر، مولانا امیر نقشبندی جائنٹ کنوینر ملی محاذ، محمد عبدالقدیر سیٹھ موٹر لائن اسو سی ایشن، محمد صادق حسین سیکریٹری ریاستی مسلم لیگ، محمد قیوم آواز کمیٹی نے شرکت کی۔ اس جلاس میں شریک سب ہی قائدین نے ایک آوازمیں محمد فیاض پر ہوئے ظلم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس جوانوں کی جانب سے زدو کوب کئے جانے کے باوجود خاطی پولیس جوانوں پر کسی بھی قسم کی کارروائی و تحقیقات کے بغیر اُلٹا مظلوم فیاض پر ہی دو مقدمات درج کرنا اور اس معاملہ میں آزادانہ تحقیقاتی خبر نشر کرنے پر میٹرو نیوز چینل کے کرسپانڈنٹ محمد اظہر خان کو اس مقدمہ میں ماخوذ کرنے کی سخت مذمت کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ اس معاملہ کو اکثریت یا اقلیت کی نظر سے نہیں بلکہ انسانیت کی نظر سے دیکھنے کی ضرورت ہے اور اس کے خلاف سب ہی کو مل کر انصاف کیلئے جدو جہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ان قائدین نے مزید کہا کہ ون ٹاؤن پولیس کے اس متعصبانہ رویہ کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ اس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس میں ایک متفقہ قرار داد منظور کی گئی جس میں محمد فیاض اور محمد اظہر خان پر درج مقدمات کو واپس لینے اور خاطی پولیس جوانوں پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ آخر میں اس سارے معاملہ میں نمائندگی اور عہدیداروں سے ملاقات کیلئے وفد کی قیادت کی ذمہ دار ی بیکم جناردھن ایڈوکیٹ کو دی گئی اور یہ طئے کیا گیا کہ تمام سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین کا ایک متحدہ وفد اس خصوص میں مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی، ضلع کلکٹر، ضلع ایس پی اور ڈی آئی جی جوگولامبا زون سے ملاقات کرتے ہوئے مظلوم محمد فیاض اور اظہرخان سے انصاف کامطالبہ کریگا اور قراردا د پر مبنی یادداشت اُن کے حوالہ کریگا اور جب تک انصاف کے تقاضہ کو پورا نہیں کیا جاتا متحدہ جد و جہد جار رکھی جائیگی۔ عبداللہ ایڈوکیٹ نے اس ضمن میں کی جارہی قانونی کاروائی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس اجلاس میں د یگر قائدین محمد غوث محی الدین، محمد اقبال،محمد مجید خان،محمد اسمعیل، محمد عبدالرحیم جرنلسٹ، محمد عزیز الرحمن،محمد سکندر، محمد بشیر قادری، محمد قمر لیبر یونین لیڈر، محمد مختار، اور کئی قائدین موجود تھے۔