محبوب نگر : کشادہ سڑکوں سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ

   

غیر مجاز تعمیرات کو رضاکارانہ منہدم کردیں ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کی عوام سے خواہش، نوتعمیر برج کا افتتاح

محبوب نگر /9 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سڑکوں کے اطراف غیر مجاز تعمیرات کو رضاکارانہ طور پر منہدم کردیں اور محبوب نگر کی ترقی میں تعاون کریں ۔ یہ مشورہ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے آج مستقر محبوب نگر پر رحمانیہ مسجد کے روبرو نوتعمیر شدہ برج کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ماضی میں شہر کی تنگ سڑکیں عوام کیلئے سخت تکلیف کا باعث تھے ۔ قیام تلنگانہ کے بعد کشادہ سڑکیں اور سہولت بخش جنکشنوں سے شہر کی خوبصورتی میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ اپناپلی ریلوے برج کی عاجلانہ تکمیل کے بعد دوسرے برج کو بھی مختصر عرصہ میں مکمل کرکے افتتاح کردیا گیا ۔ بھوت پور تا محبوب نگر ، جڑچرلہ تا محبوب نگر سڑکوں کو وسیع کیا گیا۔ لیکن اب بھی سڑکوں کے دونوں جانب غیر مجاز تعمیرات رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ۔ لہذا اپنے طور پر منہدم کرکے شہر کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کریں ۔ رحمانیہ برج کے نیچے گندی نالیوں سے بدبودار پانی کو انڈر ڈرین سسٹم کے ذریعہ گندگی کو دور کرکے پانی خارج کیا جارہا ہے۔ عنقریب یہاں فونٹین بھی نصب کیا جائے گا ۔ شہر میں آئندہ دنوں میں بڑی صنعتوں کے قیام کے امکانات ہیں جس سے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے ۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین نرسمہلو ، میونسپل کمشنر پردیپ کمار ڈی ایس پی مہیش ، نیشنل ہائی وے اے ای سندھیا و دیگر موجود تھے ۔ ریاستی وزیر نے مزید کہا کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک سپنشن برج کا افتتاح بھی کردیا جائے گا ۔ شلپا رامم میں سب سے بڑے جوائنٹ وہیل ، چیم پارک کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے ہفتہ کی شام منی ٹینک بنڈ پر زیر تعمیر سسینشن برج کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ محبوب نگر کو ایک بڑے سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا ۔ ان کے ہمراہ ریاستی ٹورازم کے یم ڈی منوہر سیپنشن برج کنسلٹنٹ بھردواج میونسپل چیرمین نرسمہلو کے علاوہ دیگر عہدیداران اور عوامی نمائندے موجود تھے ۔