محمد سمیع کا برطانیہ میں کامیاب آپریشن

   

ممبئی۔ ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے اپنے زخم کو ٹھیک کرنے کے لئے اپنی ایڑی کی کامیاب سرجری کروائی ہے اورکہا کہ انہیں مکمل فٹنس حاصل کرنے اور کرکٹ کھیلنے میں واپس آنے کے لئے وقت درکار ہوگا۔ سمیع نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تصاویر شیئر کیں، جس میں اپنی چوٹ کے بارے میں تفصیلات فراہم کی اور اپنے مداحوں کو بتایا کہ ان کا برطانیہ میں کامیاب آپریشن ہوا ہے۔ سمیع نے ایک پر اپنی پوسٹ میں کہا، میرے ایڑی کا کامیاب آپریشن ہوا ہے۔ صحت یاب ہونے میں کچھ وقت لگے گا لیکن اپنے پیروں پر واپس آنے کا منتظر ہوں۔ سمیع ہندوستان کی 2023 ونڈے ورلڈ کپ مہم کے دوران زخمی ہوئے تھے اور19 نومبر کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں شکست کے بعد سے انہوں نے کسی قسم کی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔ وہ آسٹریلیا کے خلاف اس کے بعد کی ٹی20 ہوم سیریز اور جنوبی افریقہ کے دورے سے بھی محروم رہے۔