محمد عامر اور رضوان کی پاکستانی ونڈے ٹیم میں واپسی

   

جوہانسبرگ ۔ 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے خلاف پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کے لیے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور شان مسعود، محمد رضوان اور محمد عامر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر جنید خان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ پاکستان اور افریقہ کے درمیان پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19جنوری کو کھیلا جائے گا جس کے لئے ٹیم میں ورلڈکپ کے تناظر میں کچھ تبدیلیوں کا اعلان کردیا گیا۔ آصف علی مسلسل مواقع ملنے کے باوجود توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہے جبکہ حارث سہیل زخمی ہونے کے سبب سیریز نہیں کھیل سکیں گے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 16رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی، کوچ مکی آرتھر اورکپتان سرفراز احمد کی رضامندی سے کیا گیا ہے اور ہم نے رواں سال مقررہ ورلڈ کپ سمیت ونڈے کرکٹ میں ٹیم کو درپیش دیگر چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے کوشش کی کہ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نہ کی جائیں۔ جنید خان کو خارج کیے جانے کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ فاسٹ بولرکو اپنی بولنگ پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ فٹنس مسائل کے سبب وہ نیوزی لینڈ کے خلاف بھی مکمل سیریز نہیں کھیل سکے تھے۔ محمد عباس ہمارے ونڈے کرکٹ کے منصوبے کا حصہ ہیں لیکن وہ حال ہی میں زخموں سے صحتیاب ہوئے ہیں لہٰذا ہم ان پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے اور مستقبل میں ٹیم میں منتخب کیے جانے سے قبل مکمل آرام فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ انضمام نے کہا کہ محمد عامر نے جنوبی افریقہ میں ٹسٹ سیریز میں اچھی بولنگ کی جس کے سبب وہ ہمارے لیے پہلا انتخاب بن گئے اور اس کی بدولت ہم نے عباس کو آرام دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی کو غیرمستقل مزاجی اور توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے پر ہم نے خارج کر کے حسین طلعت کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے جو بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بولنگ کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ٹسٹ سیریز میں موثر کھیل پیش کرنے پر شان مسعود 16رکنی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ ڈومیسٹک اور فرسٹ کلاس میں عمدہ کھیل پیش کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بھی ونڈے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19جنوری کو پورٹ الزبتھ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد ڈربن، سنچورین، جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن بالترتیب باقی میچوں کی میزبانی کریں گے۔ سیریز کے لیے 16رکنی پاکستانی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ سرفراز احمد(کپتان)، امام الحق، شان مسعود، فخر زمان، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حسین طلعت، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، حسن علی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقررہ تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لئے اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔