محمد عامر نے 4 برس بعد پاکستانی ٹیم کی جرسی پہن لی

   

کراچی ۔ فاسٹ بولر محمد عامر نے 4 برس بعد پاکستانی ٹیم کی گرین شرٹ پہن لی۔ محمد عامر نے پاکستان ٹیم کی شرٹ پہن کر اپنی تصویر سوشل میڈیا پر شیئرکی اور لکھا کہ شروع اللّٰہ کا نام لے کر، الحمد للّٰہ۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لیے محمد عامر کو پاکستان ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے اور ممکنہ طور پر وہ اس سال ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں بھی شامل ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے پاکستان ٹیم کے عہدیداروں نے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ کپتان بابر اعظم، ہیڈ کوچ اظہر محمود اور سینئر منیجر و سلیکٹر وہاب ریاض ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔ اس موقع پر ٹیم عہدیداروں نے چیئرمین محسن نقوی کو سیریزکی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز کی سیریزکا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 18 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ نیز نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے فاسٹ بولر محمد عامر کو پاکستان ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ محمد عامر نے آخری مرتبہ 2020ء￿ میں پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔ محمد عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 59 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ فاسٹ بولر نے اپنے انٹرنیشنل کیریئرکے دوران اب تک 36 ٹسٹ میچز میں 119 اور61 ون ڈے میچز میں 81 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے آخری ٹسٹ میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 2019ء اور آخری ون ڈے میچ سری لنکا کے خلاف 2019ء میں ہی کھیلا تھا۔