مستحق افراد کو ملازمتوں کی فراہمی کا عزم ، ریاستی وزیر پونم پربھاکرکی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔9۔جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے مختلف محکمہ جات بالخصوص محکمہ برقی میں جن لوگوں نے عقبی دروازوں سے ملازمتیں حاصل کی ہیں وہ اپنی ملازمتوں سے مستعفی ہوجائیں یا حکومت کی جانب سے کاروائی کے لئے تیار رہیں۔ ریاستی وزیر مسٹر پونم پربھاکر نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسکو اور جینکو میں بااثر افراد نے اپنے افراد خاندان کو ملازمت کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے لاکھوں روپئے کی تنخواہیں مختص کروائی تھیں۔ مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان تمام ملازمتوں کی تحقیقات کروائی جائیں گی جو کہ چیف منسٹر یا ان کے قریبی افراد کی جانب سے تقررات کروائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سابق نائب صدرنشین ریاستی منصوبہ بندی کمیشن مسٹر وی ونودکمار کی بہن کو ٹرانسکو میں ملازمت دی گئی اور اسی طرح کئی لوگوں کو ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے حقیقی بے روزگاروں کو ملازمتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے جبکہ سابقہ حکومت نے اپنے عزیز و اقارب کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی تھی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں چیف منسٹر کے قریبی رشتہ داروں اور سیاسی رفقاء کے افرادخاندان کو جو فائدے پہنچائے گئے ہیں ان تمام کی تحقیقات کروائی جائیں گی ۔ مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ ریاستی حکومت سرکاری محکمہ جات و اداروں سے فائدہ حاصل کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف پولیس میں مقدمات درج کرواتے ہوئے تحقیقات کو یقینی بنائے گی تاکہ حقائق کا پتہ چلایا جاسکے۔ انہو ںنے ریاست میں اراضیات کی تخصیص کے معاملات کا بھی پریس کانفرنس کے دوران تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت تلنگانہ کی بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کو منظرعام پر لاتے ہوئے انہیں سدھارنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ریاستی وزیر بی سی ویلفیر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے تمام محکمہ جات میں اس طرح ملازمت حاصل کرنے والوں کے متعلق تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان کی جگہ حقیقی مستحقین کو روزگار کی فراہمی کے اقدامات کئے جاسکیں۔ حکومت تلنگانہ کے مختلف محکمہ جات میں بغیر کسی اعلامیہ اور امتحانات کے تقرر حاصل کرنے والے ملازمین جو لاکھوں روپئے بطور تنخواہ حاصل کر رہے ہیں ان کے خلاف جامع تحقیقات کروائی جائے گی۔ 3