محکمہ برقی کے ملازمین کو بہت جلد ٹیکہ اندازی

   

ٹرانسکو سے نمس کو 10 ونٹیلیٹرس کی خریدی کیلئے 70 لاکھ روپیوں کی اجرائی کا فیصلہ

حیدرآباد : ریاست تلنگانہ میں محکمہ برقی کے ملازمین کے لئے جلد ہی کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی کا عمل شروع کیا جائے گا اور سلسلہ میں کمپنی کی جانب سے جائزہ لیا جا رہاہے۔ مسٹر ڈی پربھاکر راؤ صدرنشین و منیجنگ ڈائریکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسکو نے یہ بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اب ٹرانسکو کی جانب سے اپنے ملازمین کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ٹیکہ اندازی کے عمل کے آغاز کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ اسٹیٹ ٹرانسکو میں خدمات انجام دینے والے اب تک 80 ملازمین کورونا وائرس کے سبب فوت ہوچکے ہیں اور زائد از 3000 ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ مسٹر ڈی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں محکمہ برقی کے ملازمین کورونا وائرس کے دور میں اور لاک ڈاؤن کے دوران بھی مسلسل خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ ٹرانسکو کی جانب سے نمس ہاسپٹل کو 10 وینٹیلیٹرس کی خریداری کیلئے 70 لاکھ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے کارپوریٹ ادارو ںکی سماجی ذمہ داری کے تحت محفوظ فنڈ سی ایس آر کے ذریعہ ان وینٹیلیٹرس کی خریدی میں تعاون کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مسٹر ڈی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران اور وباء کی صورتحال میں محکمہ برقی کے ملازمین نے خدمات انجام دیتے ہوئے ریاست کے تمام تر شعبہ جات کو بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے اسی لئے کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کو کورونا وائرس سے محفوظ بنانے کیلئے حکومت اور محکمہ صحت سے مشاورت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔