محکمہ برقی کے ملازم کو چاقو سے دھمکانے والے کی عدالتی تحویل

   

حیدرآباد : /22 اکٹوبر (سیاست نیوز) محکمہ برقی کے ملازم کو چاقو سے دھمکانے اور گالی گلوج کرنے پر نامپلی میٹرو پولیٹین کورٹ نے ایک شخص کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ تفصیلات کے مطابق /20 اکٹوبر کو محمد عمر عرف عمر چودھری ساکن پرانی حویلی جس کے مکان کا برقی کنکشن بل کی عدم ادائیگی پر منقطع کردیا تھا نے محکمہ برقی کے ملازم محمد عبدالسلیم روحی کو چاقو سے دھمکایا اور بعد ازاں اس سے بدسلوکی کی ۔ محمد عمر کے مکان کا 9348 روپئے برقی بل کے بقایہ جات ادا نہ کرنے پر برقی سربراہی منقطع کردی گئی تھی جس کے نتیجہ میں محمد عمر نے برقی ملازم کو دھمکایا اور وہاں کے اسسٹنٹ انجنیئر جی ایلن راجو کے ہمراہ مکان پہنچنے پر عمر چودھری نے اسے گالی گلوج شروع کردی اور بعد ازاں ہتھیار سے دھمکاتے ہوئے اسے زدوکوب کیا ۔ اس معاملہ کو مقامی عوام نے ویڈیو میں قید کیا گیا اور بعد ازاں میرچوک پولیس اسٹیشن میں اس سلسلہ میں شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ سب انسپکٹر میرچوک پولیس اسٹیشن ٹی کرشنیا نے محمد عمر کو گرفتار کرنے کے بعد اسے آٹھویں ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا جس پر عدالت نے اسے دو ہفتوں کیلئے جیل بھیج دیا ۔