محکمہ پولیس میں عنقریب 20 ہزار جائیدادوں پر تقررات

   

سنگاریڈی میں پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا افتتاح، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد : ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ عنقریب محکمہ پولیس کے مختلف شعبوں میں پولیس کے 20 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ سنگاریڈی میں ایک کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر لا اینڈ آرڈر کی برقراری پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد محکمہ پولیس کو عصری تقاضوں سے لیس کیا گیا ہے۔ 7 سال کے دوران محکمہ پولیس کے مختلف شعبوں میں 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے خواتین کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ پولیس تقررات میں خواتین کو 33 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے شی ٹیمیں قائم کئے گئے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے محکمہ پولیس کو بھاری بجٹ مختص کیا جارہا ہے۔ محکمہ پولیس کو نئی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس کو عصری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ تلنگانہ کی فرینڈلی پولیسنگ کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ ریاست میں جرم سے مجرمین گھبرا رہے ہیں۔ ساری ریاست میں سی سی کیمروں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ گھنٹوں میں پولیس کی جانب سے مجرمین کو پکڑ لیا جارہا ہے۔ کورونا پر قابو پانے کے معاملے میں محکمہ پولیس نے اہم رول ادا کیا ہے۔ گذشتہ سال لاک ڈاؤن کے دوران پولیس کی قربانیوں کی وزیرداخلہ نے ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں لا اینڈ آرڈر کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ملک کے 70 فیصد سی سی کیمرے تلنگانہ میں تنصیب کئے گئے ہیں۔ کیسیس کی پیشرفت میں پولیس کیلئے سی سی کیمرے معاون و مددگار ثابت ہورہے ہیں۔ ریاست بھر کے تمام پولیس اسٹیشن میں تربیت یافتہ خاتون کانسٹیبلس کی رسپشنسٹ کی حیثیت سے نامزد کرنے پر عام آدمی بھی بغیر کسی خوف کے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنی شکایتیں درج کرارہا ہے یا مسائل پیش کررہا ہے۔ اس پروگرام میں تلنگانہ قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین وی بھوپال ریڈی، پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کے صدرنشین کے دامودھر، آئی جی ایسٹ زون اسٹیفن رویندرا، ڈی آئی جی نظام آباد رینج شیوشنکر ریڈی، پولیس سپرنٹنڈنٹ ایس چندرشیکھر ریڈی، ایڈیشنل ایس پی کے سرجنا ایڈیشنل کلکٹر جے ویرا ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی۔