مختار انصاری کے بھائی اور افضال انصاری کو چار سال کی سزا، جائے گی پارلیمنٹ کی رکنیت

   

لکھنؤ:اترپردیش کے غازی پور ضلع کے ایم پی ۔ ایم ایل اے کورٹ نے گینگسٹر سے لیڈر بنے سابق ممبر اسمبلی مختار انصاری کے بھائی افضال انصاری کو گینگسٹر معاملہ میں قصوروار قرار دیتے ہوئے چار سال کی سزا سنائی گئی ہے ۔ ساتھ ہی عدالت نے افضال انصاری پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی لگایا ہے ۔ بتادیں کہ افضال انصاری غازی پور لوک سبھا سیٹ سے بی ایس پی کے ممبر پارلیمنٹ ہیں ۔ عدالت کی سزا کے بعد اب ان کی رکنیت بھی ختم ہوسکتی ہے ۔اس معاملہ میں یکم اپریل کو دونوں فریقوں کی طرف سے بحث اور گواہی پوری ہونے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا ۔ پہلے اس کیس میں 15 اپریل کوہی فیصلہ آنا تھا، لیکن جج کے چھٹی پر ہونے کی وجہ سے 29 اپریل کی تاریخ دی گئی تھی ۔ اس سے پہلے ایک دیگر کیس میں مختار انصاری کو دس سال کی سزا ہوچکی ہے ۔ مختار انصاری کو گینگسٹر ایکٹ کے 14 سال پرانے ایک معاملہ میں 10 سال کی جیل اور پانچ لاکھ روپے کے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔