بھوپال، 12 اکتوبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے آج تین روزہ پولیو مہم کا افتتاح کیا اور 12 چھوٹے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے دو دو قطرے دوا پلائی۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ پولیو کی دو بوندیں نہ صرف کسی بچے کو زندگی بھر کے لیے محفوظ بناتی ہیں، بلکہ یہ ایک صحت مند، مضبوط اور خود انحصار قوم کی تعمیر کی بنیاد بھی ہیں۔انہوں نے تمام والدین سے اپیل کی ہے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کی خوراک لینے سے محروم نہ رہ جائے ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیو جیسی بیماری کسی بچے کو زندگی بھر دوسروں پر منحصر بنا سکتی ہے ، اس لیے اس کا مکمل خاتمہ ہر شہری کا فرض ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریاست کے 18 اضلاع میں جاری اس تین روزہ مہم میں 64 ہزار سے زائد ویکسینیٹرز، 24 ہزار سے زائد پولیو بوتھوں کے ذریعے دوا پلائی جائے گی، گھر گھر جا کر بھی بچوں کو پولیو کی خوراک پلائی جائے گی، تاکہ ہر بچہ پولیو سے محفوظ رہ کر زندگی بھر صحت مند رہ سکے ۔ڈاکٹر یادو نے کہا کہ منتخب شدہ 18 اضلاع میں متعینہ عمر کے 39 لاکھ 19 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کی دوا دی جائے گی۔