عوامی مسائل کی یکسوئی کے لیے مثالی پروگرام کی ستائش
حیدرآباد 23 جون (سیاست نیوز) ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں تربیت حاصل کرنے والے ڈپٹی کلکٹرس نے آج چیف منسٹر پرجا وانی پروگرام کا جائزہ لیا۔ 40 ٹرینی ڈپٹی کلکٹرس کا تعلق مدھیہ پردیش سے ہے اور عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے پرجاوانی پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اُنھوں نے پروگرام کے انچارج ڈاکٹر جی چناریڈی سے ملاقات کی۔ تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین ڈاکٹر جی چناریڈی نے ٹرینی ڈپٹی کلکٹرس کو عوام کی جانب سے درخواستوں کی وصولی اور مسائل کی یکسوئی کے طریقہ کار سے واقف کرایا۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نظم و نسق کو عوام کے قریب کرنے کے مقصد سے یہ منفرد پروگرام شروع کیا ہے اور ہفتے میں دو دن عوام اپنے مسائل عہدیداروں سے رجوع کرسکتے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ درخواستوں کے ادخال کے بعد اُن کی یکسوئی کے بارے میں بھی درخواست گذاروں کو باخبر رکھا جاتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پرجاوانی پروگرام کے آغاز کے بعد سے اب تک 74 فیصد درخواستوں کی یکسوئی ہوچکی ہے۔ ڈپٹی کلکٹرس نے کہاکہ پرجاوانی پروگرام دیگر ریاستوں کے لئے بھی مثالی ہے اور وہ مدھیہ پردیش میں اِس پروگرام کو شروع کرنے کی سفارش کریں گے۔ اس موقع پر این آر آئی سیل کے نائب صدرنشین بھیم ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔V/1/k/b