مدینہ منورہ، 3 اگست (ایجنسیز) مدینہ منورہ موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران ملکی و غیرملکی زائرین کو اپنی مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اہمیت کے حامل مقامات کے ساتھ ساتھ تفریحی سرگرمیوں کی بدولت مسلسل اپنی جانب متوجہ کر رہا ہے۔ یہاں عبادت، علم اور شہر کے تاریخی ورثے سے آگاہی کا منفرد امتزاج زائرین کو ایک یادگار تجربہ فراہم کرتا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد نبویﷺ مدینہ منورہ کا مرکزی مذہبی مرکز ہے، جہاں زائرین کے لیے رہائش، بازاروں اور دیگر سہولیات سمیت مکمل خدمات فراہم کی گئی ہیں۔ مسجد نبوی ﷺ کے قریب واقع نمائشِ فنِ تعمیرِ مسجد نبویﷺ اور نمائشِ سیرتِ نبوی ﷺ و اسلامی تہذیب جدید طرزِ نمائش کے ذریعے مسجد کی تاریخ اور اسلامی ورثے کو اجاگر کرتی ہیں۔ زائرین سیرتِ نبوی ﷺ سے وابستہ تاریخی مقامات کی بھی زیارت کرتے ہیں، جن میں مسجد قباء نمایاں ہے۔ یہ مسجد قباء ایونیو کے ذریعہ مسجد نبوی ﷺ سے منسلک ہے، جو پیدل چلنے والوں کے لیے مخصوص خوبصورت راستہ ہے۔ اس راستے پر دکانیں، ریستوران، کیفے اور مقامی مصنوعات و یادگاری اشیاء فروخت کرنے والی مارکیٹیں موجود ہیں۔ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران مدینہ منورہ میں موسمی بازار، ثقافتی اور تفریحی پروگرام، زرعی سیاحت کے مقامات اور مدینہ کھجور سیزن بھی منعقد کیا جا رہا ہے، جہاں زائرین مختلف اقسام کی کھجوروں اور ان سے تیار کردہ مصنوعات سے متعارف ہو سکتے ہیں۔ مدینہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہر کے چوراہوں، عوامی مقامات اور کھلی جگہوں کی مسلسل ترقی پرکام کر رہی ہے تاکہ معیارِ زندگی بہتر بنایا جا سکے اور ثقافتی راہداریوں کے ذریعے مدینہ منورہ کی مذہبی اور تاریخی شناخت کو مزید نمایاں کرتے ہوئے زائرین کے تجربے کو خوشگوار بنایا جا سکے۔