کسانوں کو جی ایس ٹی سے استثنیٰ اور قرض معافی کمیشن، غذا ، لباس اور زبان پر کوئی پابندی نہیں
حیدرآباد۔/28 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے سماج کے تمام طبقات کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے جامع انتخابی منشور جاری کیا ہے۔ کانگریس نیائے پترا کے تحت ’ہاتھ بدلے گا حالات ‘ کے عنوان سے کانگریس نے 5 قومی ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے۔ ملک میں تمام مذاہب اور طبقات کے ساتھ یکساں انصاف اور مذہبی آزادی کے علاوہ غذا، لباس اور زبان کے بارے میں کسی پابندی کے بغیر مکمل اختیار دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ کانگریس کے انتخابی منشور کو عوامی مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور بی جے پی نے کانگریس کے انتخابی منشور کو منفی انداز میں پیش کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔ سماج کے ایسے طبقات جو معاشرہ میں اپنا خاصہ اثر رکھتے ہیں ان میں کسان بھی شامل ہیں۔ کانگریس نے کسان نیائے کے تحت 5 وعدے کئے ہیں تاکہ کسانوں کی معاشی حالت میں سدھار لایا جاسکے۔ پارٹی نے کسانوں کی پیداوار پر بہتر معاوضہ کی ادائیگی کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے جس کے تحت اقل ترین امدادی قیمت کو قانونی حیثیت دی جائے گی۔ زرعی شعبہ کے ماہر سوامی ناتھن کی رپورٹ اور سفارشات کے مطابق کانگریس نے زرعی پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت کو قانون سازی کے ذریعہ یقینی بنانے کا وعدہ کیا ہے۔کسانوں کے زرعی قرضہ جات کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے خصوصی لون ایمنسٹی کمیشن قائم کیا جائے گا۔ یہ کمیشن کسانوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے قرض معافی کی سفارش کرے گا۔ مرکزی حکومت کی پرائم منسٹر فصل بیمہ اسکیم میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت فصلوں کو نقصان کی صورت میں اندرون 30 دن معاوضہ کی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کرادی جائے گی۔ کانگریس نے زرعی پیداوار کی درآمدات اور برآمدات کیلئے ایک مستحکم پالیسی تیار کرنے کا وعدہ کیا ہے تاکہ درمیانی افراد کے رول کو کم کرتے ہوئے کسانوں کو راست فائدہ پہنچایا جاسکے۔ جی ایس ٹی سے پریشان حال کسانوں کو راحت پہنچانے کیلئے کانگریس نے جی ایس ٹی سے استثنیٰ کا وعدہ کیا ہے۔ تمام زرعی پیداوار اور فصلوں کو جی ایس ٹی سے استثنیٰ رہے گا تاکہ ان کی امدادی قیمت راست طور پر کسانوں کے کام آسکے اور کسانوں کی معاشی صورتحال بہتر ہو۔ کانگریس نے مزدوروں ، خواتین، نوجوانوں اور طلبہ کیلئے بھی علحدہ ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے۔1