مذہبی خبریں

   

اطاعت و فرمانبرداری ، عید قرباں کا اہم مقصد
حج ہاوز نامپلی میں عیدالاضحی کے موقع پر مفتی محمد صابر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( راست ) خطیب و امام مسجد حج ہاوزنامپلی حیدرآباد مفتی محمد صابر پاشاہ قادری نے تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاوز نامپلی حیدرآباد میں عیدالاضحی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور حضرت سیدنا اسمعیل علیہ السلام کے بے مثال جذبہ ایثار، اطاعت و فرمانبرداری، جرأت و استقامت، تسلیم و رضا اور صبر و شکر پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا ’’ اور ہم نے ( اسماعیل) کی عظیم قربانی پر ان کا فدیہ دے دیا ‘‘ اللہ رب العزت کو اپنے دونوں برگزیدہ اور جلیل القدر بندوں کی یہ ادا اس قدر پسند آئی کہ اسے اطاعت ، عبادت اور قرب الٰہی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے قیامت تک کے لئے جاری فرمادیا۔ قرآن مجید میں حضرت سیدنا اسمعیل علیہ السلام کے تین اوصاف نہایت صراحت کے ساتھ بیان کئے گئے ہیں آپ ؑ تعمیر کعبہ کے دوران اپنے والد حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے شانہ بشانہ شریک رہے، آپ علیہ السلام وعدے کے بڑے پکے تھے، آپ علیہ السلام لوگوں کو نماز اور زکوٰۃ کا حکم دیتے رہتے تھے تاکہ وہ اللہ کے عذاب سے بچ جائیں، یہ تہوار اس اعتبار سے بھی بہت منفرد و عجیب ہے کہ ایک طرف تو جانور کی قربانی، گوشت تقسیم کرنے بانٹنے ، کھانے کھلانے میں بھی سارا فائدہ حضرت انسان کا تو دوسری طرف بے پناہ اجر و ثواب مہمانی، دعوت و ضیافت ہے، خالق کائنات کا ارشاد ہے اللہ کو ان ( جانوروں ) کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ ہی خون بلکہ اسے تو صرف تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے۔ یعنی صرف ایک خلوص دل و نیک نیتی، تقویٰ اور خوف خدا کی شرط ہے اور خود خوش دلی سے طالب ثواب ہوکر قربانی کی اسے آتش جہنم سے حجاب ( یعنی روک ) ہوجائے گا، قربانی کرنے والے کو قربانی کے جانور کے ہر بال کے بدلے ایک نیکی ملتی ہے۔ عید قرباں کا مطلب و مفہوم محض جانور کے گلے پر چھری پھیردینا نہیں اس کے ذریعہ بارگاہ ایزدی میں اطاعت و فرماں برداری ہے۔

مہمانان رسولؐ کی خدمت کیلئے جامعہ حرا کے تعاون کی اپیل
حیدرآباد ۔/13 اگسٹ، ( راست ) حافظ سید مظفر الحسن نقوی ناظم کے بموجب جامعہ حرا ، علی نگر، حیدرآباد تقریباً 40 سال سے دینی و ملی خدمات میں مصروف عمل ہے، اسباب و وسائل کی کمی کے باوجود تعلیمی معیار کی برقراری اور مہمانان رسول ؐ کی خدمت کیلئے ادارہ نے اپنی جدوجہد جاری رکھی، یہی وجہ ہے کہ تاحال سینکڑوں طالبات نے یہاں تعلیم حاصل کرتے ہوئے اپنے گھروں کو جنت نشاں بنایا، وہیں بہت سارے طلبہ نے حفظ کی تکمیل کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور مختلف علوم و فنون کے میدان میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ابھی بھی جامعہ کے ہاسٹل میں غریب و نادار ، یتیم و یسیر طلبہ قیام و طعام کے ساتھ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ وہیں طالبات کیلئے عالمیت کے خصوصی شعبے قائم ہیں۔ اخلاقی اور فنی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، اہل خیر حضرات سے آج کے ناگفتہ بہہ اضطراب آمیزحالات میں چرم قربانی کے ساتھ ساتھ خصوصی امداد کی اپیل کی جاتی ہے تاکہ مہمانان رسول ؐ کی خدمت میں آسانی ہو اور آپ اجر کے مستحق ہوں۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات9391364431 ، 07670904540 پر ربط کریں۔

تقریب عید ملاپ و نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد۔/13اگسٹ، ( راست ) بزم عاشقان رسول ؐ و دبستان عدیل کے زیر اہتمام سالانہ تقریب عید ملاپ و نعتیہ مشاعرہ 14 اگسٹ بروز چہارشنبہ بوقت بعد عشاء بمقام رہائش گاہ صابر حسینی شہیدی ؒ متصل مسجدپیراں شاہ ؒ چنچل گوڑہ مقرر ہے۔ نگرانی شاعر عظمت نور قاضی عظمت اللہ جعفری کریں گے۔ جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے نجم برہان الدین وارثی، خواجہ شاہ گودڑ شاہی، ڈاکٹر سید صلاح الدین، ڈاکٹر محمد جہانگیر علی قادری، داؤد اظہر، عبدالرشید ارشد، شرف الدین راشد، میر مقبول علی مقبول، سید شوکت علی قادری، محمد عمر علی خاں شرکت کریں گے۔ بحیثیت مہمانان اعزازی محمد شاکر قادری، محمد عباس سلیم قادری، محمد اعظم قادری، حافظ غوث الدین حسن شرجیل شرفی، اسحاق شرفی، نصیر قادری شرکت کریں گے۔