مذہبی خبریں

   

ماہانہ محفل قرآن خوانی ومجلس شہدائے کربلا

حیدرآباد۔11؍جولائی(راست) باسط افتخاری کے بموجب 25 محرم 11 جولائی بمقام سنجری اسٹیٹ خانقاہِ سنجریہ افتخاریہ روبرو جامع مسجد حضرت وطنؒ چشتی چمن میں زیرنگرانی گدی نشین مولانا پیرزادہ سید کاشف اللہ حسینی بختیار عربی خلیفہ سوم علامہ افتخار المشائخ حضرت پیرافتخاری سید قادر محی الدین حسین سنجری بعد نماز عصر محفل قرآن خوانی کا انعقاد عمل میں آیا ۔ مولانا اکبرالدین ذاکر افتخاری خلیفہ حضرت پیر چشتی کے زیرصدارت محفل بردہ شریف ہوئی ۔ بعدازاں گدی نشین پیرزادہ سید کاشف اللہ حسینی نے خانقاہِ سنجریہ افتخاریہ میں منعقدہ مجلسِ شہدائے کربلا سے خطاب میں کہا کہ شہادتِ حسین ؓ کو لوگ آج بھی سمجھنے سے قاصر ہیں۔ جس مقصد کیلئے آپ سیدنا امام حسینؓ شہید ہوئے وہ مقصد تھا دین کو بچانا لیکن آج دین کی دھجیاں اُڑ رہی ہے آج کی نسل سوشل میڈیا میں مصروف ہے نہ دین کی فکر نہ نماز کی فکر ہے۔ ہمیں حالانکہ محرم کا مہینہ یہ یاد دلاتا ہے کہ ہمارے نبیؐ کے نواسے نے دین کیلئے سجدے میں گردن کٹالی، باطل کے آگے سرکو نہیں جھکایا، نہ ہی باطل کے ہاتھوں بعیت کی۔ آج مسجدیں ویران ہیں صرف جمعہ کے مسلمان ہیں ۔ بعدازگدی نشین پیرزادہ کاشف اللہ حسینی و مولانا اکبرالدین ذاکر افتخاری مریدین کے ہمراہ بہ مزار جدامجد مولائی مرشدی کنزالعرفان حضرت افتخار علی شاہ وطنؒ چادرِ گل و عطر بیزی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں بارگاہِ خیرالانامؐ میں نعت پیش کی گئی۔ پیرزادہ کاشف اللہ حسینی نے تمام عالم اسلام و خانواداہ وطنؒوابستگان سلسلہ عالیہ افتخاریہ چشتیہ سنجریہ کے مریدین کیلئے دعائے خیر ومغفرت فرمائی۔ محفل کا اختتام بعد تناول تبرک ہوا۔

احکام میراث پر عمل کرنا ہر مسلمان پر ضروری
جامع مسجد محمدی لالہ گوڑہ میں مفتی حافظ محمد مستان علی کا خطاب
حیدرآباد 12 جولائی (راست) جامع مسجد محمدی ساؤتھ لالہ گوڑہ سکندرآباد میں ڈاکٹر مفتی حافظ محمد مستان علی قادری نے کہا کہ تقسیم میراث میں کوتاہی قیامت کی علامت ہے، احکام میراث پر عمل کرنا ہر مسلمان پر ضروری ہے ، آج کل میراث کی تقسیم میں جو کوتاہی ہورہی ہے اور عورتوں کو اس سے محروم رکھا جارہا ہے یہ بھی قیامت کی نشانی ہے ، آپ ﷺ نے قیامت کی جن علامتوں کی نشاندہی کی ہے ان میںا یک یہ بھی ہے ،چنانچہ عبد اللہ ابن مسعودؓفرماتے ہیں قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جس وقت تک میراث تقسیم نہ کیا جائے ، والدین کی موروثی جائیداد میں بھائیوںکا اپنا حصہ تقسیم کر کے بہنوں کو ترکہ سے محروم کرنا اللہ تعالیٰ کے احکام کی صریح نافرمانی ہے ، اسلام میں فرائض کی بڑی اہمیت ہے ۔ حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ حضور اقدس ﷺ نے فرمایا جس نے کسی وارث کے حصہ میراث کو روکا تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن جنت سے اس کے حصے کو روکیں گے حضور ﷺ کی بعثت سے پہلے عورتوں کے اوپر جو مظالم ڈھائے جاتے تھے ان میں ایک وراثت سے محرومی بھی تھی ۔ ڈاکٹرمفتی مستان علی نے تمام مسلمانوںسے اپیل کی کہ تقسیم میراث کی اہمیت کو سمجھیں اور اس کے احکام کو عملی زندگی میں لائیں۔ اسلامی احکام یہ ہیں کہ میت کا انتقال ہوجائے تو سب سے پہلے اس کے چھوڑے ہوئے مال سے اس کی تجہیز وتکفین کریں اس کے بعداس کے قرض کو ادا کیا جائیگا ،اور پھر اسکی وصیت غیر وارث کیلئے ثلث مال سے جاری کی جائیگی، ماباقی مال ورثاء کے درمیان تقسیم کیا جائیگا۔

75 واں عرس شریف حضرت یحییٰ پاشاہ قبلہؒ
حیدرآباد 12 جولائی (راست) حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ قبلہ کے پانچ روزہ عرس تقاریب درگاہ شریف میں 16 جولائی تا 20 جولائی یکم صفر تا 5 صفر منعقد ہوگی۔ 16 جولائی جمعرات بعد نماز مغرب قصیدہ بردہ شریف، غسل شریف سے تقاریب کا آغاز ہوگا۔ بعد نماز عشاء جلسہ قرأت منعقد ہوگا جس میں ممتاز قراء کرام قرآن پاک کی تلاوت کا شرف حاصل کریں گے۔ 17 جولائی بعد نماز عشاء نعتیہ محفل ہوگی ۔ ممتاز نعت خواں حضرات کلام پیش کریں گے۔ 18 جولائی بعد نماز عصر درگاہ شریف حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ میں ختم قرآن مجید منعقد ہوگا اور درگاہ حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہؒ واقع قاضی پورہ سے جلوس صندل بعد نماز عصر برآمد ہوگا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہونچے گا۔ بعد نماز مغرب مزارات پر گل افشانی اور فاتحہ خوانی کے بعد محفل سماع ہوگی اور 9 بجے شب مولوی سید حسن محی الدین المعروف خواجہ میاں سجادہ نشین حضرت سیدنا خواجہ محبوب اللہ و حضرت سیدنا یحییٰ پاشاہ قبلہ کا وعظ ہوگا۔ 19 جولائی کو محفل چراغاں منعقد ہونگے۔ بعد نماز عصر تا مغرب اور مغرب تا عشاء محفل سماع ہوگی۔ 20 جولائی کو محفل قل کی مجلس ہوگی۔ بعد نماز فجر تا 11 بجے دن ختم قرآن مجید کے بعد محفل سماع ہوگی۔ شرکت کی خواہش کی جاتی ہے۔
محفل خواتین کا ماہانہ ادبی اجلاس و مشاعرہ
مہمان خصوصی محترمہ سیدہ انجم ضیائی کا خطاب
حیدرآباد 12 جولائی ۔ محترمہ عزیز النساء صباء بہترین شاعرہ ہونے کے ساتھ پرخلوص، بلند خیالات کی حامل ایک خوب سیرت خاتون تھیں۔ ان خیالات کا اظہار شاعرہ اور افسانہ نگار محترمہ سیدہ انجم ضیائی نے کیا جوکہ محفل خواتین کے اجلاس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھیں ۔ یہ اجلاس اُردو ہال حمایت نگر میں 11 جولائی کو منعقد ہوا۔ یاد رفتگان سلسلہ کی کڑی میں اس ماہ پروفیسر سیدہ جعفر اور ممتاز شاعرہ عزیز النساء صباء کی شخضیت اور فن پر اظہار خیال کیا گیا۔ آغاز میں ڈاکٹر گل رعنا نے پروفیسر سیدہ جعفر بحیثیت محقق اور نقاد، ایک تحقیقی مضمون، شبینہ فرشوری نے عزیز النساء صباء کی شخصیت اور شاعری پر مضمون اور ثریا جبین نے افسانہ ’ضمیر کا بوجھ‘ پیش کیا۔ شعری نشست میں اصغری بانو، حمیدہ بیگم، تنویر الطاف علی، رحیم النساء نے عزیز النساء صباء کا منتخب کلام پیش کیا۔ صبحۃ المرجان نے نظمیں پیش کیں۔ مہمان خصوصی محترمہ سیدہ انجم ضیائی نے محفل کی ستائش کی اور بتایا کہ وہ اس محفل میں شرکت کی ہمیشہ سے تمنا رکھتی تھیں۔ اس موقع پر اُنھوں نے چند اشعار بھی پیش کئے۔ صدر محفل اودیش رانی باوا نے بھی خطاب کیا۔ نکہت آراء شاہین نے نثری اجلاس کی اور گل رعنا نے مشاعرے کی نظامت کی۔
درس قرآن و خطباتِ غوث پاکؓ
حیدرآباد 12 جولائی (راست) خانقاہ حضرت پیر سید شاہ حسن قادری الجیلانی المعشوقی الجعفری (حسن میاں ) نبیرہ حضرت سید شاہ جلال الدین جمال البحر معشوق ربانیؒ ہر اتوار کو بعد نماز عشاء 9 بجے شب تا 11 بجے شب درس قرآن پاک و خطبات غوث پاکؓ کا انعقاد ہوگا۔ بعد محفل نعت و سلام پر اختتام ہوگا۔ پیران پیر کے چاہنے والے شرکت کرسکتے ہیں۔
عرس حضرت سید علی میراں داتاؒر
حیدرآباد 12 جولائی (راست) 550 واں عرس حضرت سید علی میراں داتاؒر (گجرات) کا 28 محروم کو بعد عصر رسم پرچم کشائی کے ساتھ آغاز ہوگا اور یکم صفر المظفر کی وقت فجر میں صندل مبارک پیش کیا جائے گا۔ پیرزادہ سید صالح محمد علی سجادہ نشین نے اطلاع دی ہے۔ مزید معلومات فون نمبر 9998358667 پر حاصل کرسکتے ہیں۔
آج مجلس عزاء سالانہ
حیدرآباد 12 جولائی (راست) ذاکر اہلبیت علامہ غضنفر عباس طوسی قبلہ (دہلوی) 13 جولائی بروز دوشنبہ بعد نماز مغرب مسجد نورالامراء نور خاں بازار میں مجلس عزاء سے خطاب کریں گے۔ جناب وزیر علی نے شرکت کی اپیل کی ہے۔

سالانہ جشن وارث محفل سماع و طرحی مشاعرہ
حیدرآباد 12 جولائی (راست) سالانہ جشن وارث پاک 29 محرم 15 جولائی چہارشنبہ بمقام خانقاہ چھلہ وارث گلشن عثمان باغ بندل گوڑہ زیرنگرانی قاضی قطب حافظ المعروف نور علی شاہ وارثی سجادہ نشین بارگاہ حضرت یزدانی حافظ علی شاہ وارثیؒ و متولی خانقاہ چھلہ وارث گلشن میں منعقد ہوگا۔ بعد مغرب رسم صندل مالی و محفل سماع 9 بجے رات محفل نعت اور 10.30 بجے رات طرحی نعتیہ و منقبتی مشاعرہ بطرح ’غوث کا فیض ہے حیدر کی ضیاء وارث ہے‘ قافیہ ضیاء دعا عطاء ردیف وارث ہے مقرر ہے۔ تمام مکاتب فکر کے شعراء کرام سے شرکت و کلام نوازی کی خواہش کی جاتی ہے۔
جلسہ عظمت اہل بیت اطہارؓ و سالانہ نیاز شریف پیران پیرؓ
حیدرآباد 12 جولائی (راست) سالانہ اعراس شریف بتاریخ 29 محرم الحرام 15 جولائی چہارشنبہ بمقام آئی پی ایس کالج دنتان پلی، روڈ شنکر پلی، جلسہ عظمت اہل بیت اطہار، نیاز شریف پیران پیر غوث اعظم دستگیر رضی اللہ عنہ و مراسم اعراس شریف (حضرت سید ابراہیم شاہ قادریؒ، حضرت سید اسماعیل شاہ قادریؒ، حضرت سید داؤد ملک شاہ قادریؒ، حضرت سید بادشاہ محی الدین قادریؒ، حضرت سید قطب الدین حسینی قادریؒ، حضرت سید مکی شاہؒ قادری، حضرت سید شاہؒ قادری، حضرت سید بابا محی الدینؒ قادری، حضرت سید مخدوم شاہؒ قادری، حضرت سید امان اللہ شاہؒ قادری، حضرت غفار شاہؒ قادری) بعد نماز ظہر مقرر ہے۔ علماء کرام و مشائخین عظام کی زیرنگرانی 11 بجے دن سے ختم قرآن شریف، قصیدہ بردہ شریف ہے۔ بعد نماز ظہر رفاعی فقراء کے ضرب سے مراسم صندل مولانا سید محمد محمود حسینی الرفاعی المعروف سادات پیر بغدادی انجام دیں گے۔ جلسہ کی صدارت و نگرانی مولانا سید محمد محمود حسینی الرفاعی کریں گے۔ مولانا محمد عرفان اللہ شاہ نوری، مولانا شاہ محمد مخدوم علائالدین صابری مہمان خصوصی ہوں گے۔ آغاز حضرت مولانا حافظ غلام محمد خان نقشبندی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوگا۔ نعت و منقبت کے بعد علمائے کرام کے بیانات ہوں گے۔ بعدہ سلام بارگاہ خیرالانام، قل شریف کے بعد ملک کی امن و سلامتی کیلئے دُعا کی جائے گی۔ شرکت کی خواہش کی جاتی ہے۔

آج درس قرآن
حیدرآباد 12 جولائی (راست) مسجد سردار النساء میں مولانا سید شاہ عبدالرحمن حسن قادری خطیب مسجد فاروق اعظم چندرائن گٹہ پیر 13 جولائی کو بعد نماز مغرب درس قرآن دیں گے۔

افتتاح النصیر قرآنک اکیڈیمی
حیدرآباد 12 جولائی (راست) مسلم نونہالوں کو دینی و عصری تعلیم سے آراستہ کرنے دینی و عصری تعلیمی ادارہ کا آغاز 20 جولائی سے کیا جارہا ہے۔ احاطہ حضرت محمد بیگ علیہ الرحمہ آغاپورہ میں اندرون (ہاسٹل) و بیرون طلبہ کیلئے تعلیم و قیام و طعام کا نظم رہے گا۔ شعبہ قاعدہ، ناظرہ، حفظ کے ساتھ اُردو زبان و دینیات کی تعلیم دی جائے گی۔ علاوہ ازیں عصری تعلیم، انگریزی، حساب، کمپیوٹر بھی سکھایا جائے گا۔ بچوں کو داخلہ کروانے کیلئے اس نمبر 9951631615 پر ربط کریں۔
سالانہ فاتحہ
حیدرآباد 12 جولائی (راست) انجمن صوفیہ چشتیہ ابوالعلائیہ کے زیراہتمام سالانہ فاتحہ حضرت سیدنا امام زین العابدینؓ و حضرت خواجہ صوفی مخدوم حسین چشتی ناگوریؒ اور ماہانہ فاتحہ حضرت خواجہ صوفی حمیدالدین فاروقی چشتی ناگوریؒ کے ضمن میں محفل درود شریف، حمد باری تعالیٰ، نعت شریف، ذکر، ختم خواجگان اور سلام و دُعا محفل کا اختتام ہوگا۔ 28 محرم 14 جولائی منگل بعد نماز مغرب خانقاہ صوفیہ چشتیہ ابوالعلائیہ نور کالونی شاستری پورم میں ہے۔ مولانا خواجہ صوفی شاہ محمد ہارون چشتی ناگوری عرف کاشف علی پاشاہ خلیفہ عزیز حضرت صوفی ریاست علیؒ نگرانی کریں گے۔
ماہانہ فاتحہ برائے خواتین
حیدرآباد 12 جولائی (راست) ماہانہ فاتحہ حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ 29 محرم کو طاہر گلشن نواب عمر خاں کالونی قادر باغ میں جناب محمد عبدالستار چاند قریشی مرزائی کی سرپرستی میں مقرر ہے ۔ محترمہ سیدہ بلقیس جہاں نگرانی کریں گی۔ عصر تا مغرب مجلس درود شریف، مغرب تا عشاء تلاوت کلام پاک اور یٰسین شریف کی تلاوت ہوگی۔
بگدل میں ماہانہ درس تصوف
حیدرآباد 12 جولائی (راست) ماہانہ فیضان حضرت پیران پیرؒ کا درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں 28 محرم کو 11 بجے دن تا 5 بجے شام منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر خلیفہ شاہ محمد ادریس احمد قادری نگرانی و خطاب کریں گے۔ ماہانہ درس کے علاوہ حلقہ ذکر ہوگا اور علماء کرام کی تقاریر ہوں گی۔ نعت خواں حضرات بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں منظوم نذرانہ پیش کریں گے۔ سلیم احمد قادری ظہیرآبادی نے شرکت کی اپیل کی ہے۔