مذہبی خبریں

   

جلسہ تکمیل حفظ قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : مدرسۃ الحسنات للبنات مراد نگر نزد مسجد قطب شاہی ( چھوٹی مسجد ) زیر نگرانی مولانا احمد عبید الرحمن اطہر ناظم مدرسہ امداد العلوم و خطیب جامع مسجد ٹین پوش ، لال ٹیکری 18 جنوری کو 8-30 بجے شب مدرستہ الحسنات للبنات مراد نگر منعقد ہوگا ۔ مولانا عبدالقوی اور مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی کے اصلاحی خطابات ہوں گے ۔۔

عصری اسکولوں کا بنیادی
دینی تعلیمی مظاہرہ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : حیدرآباد ایجوکیشنل فاونڈیشن کے تحت چلائے جانے والے عصری اسکولوں کا بنیادی دینی تعلیمی مظاہرے کا اردو مسکن خلوت میں 19 جنوری کو صبح 10 بجے منعقد ہوگا ۔ مختلف اسکولوں کے طلباء شریعت ، اسلامی تاریخ ، اخلاقیات ، سیرت النبی اور قرآن و حدیث کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے ۔ جناب غلام یزدانی چیرمین حیدرآباد ایجوکیشنل فاونڈیشن صدارت کریں گے ۔ جناب سید عظمت اللہ آئی اے ایس ریٹائرڈ جلسے کی سرپرستی کریں گے ۔ جناب ضیا الدین نیر ، کیپٹن سعد الدین ، ڈاکٹر حبیب اشرف ، جناب نعیم صوفی اور پاشاہ اسد اللہ ایڈوکیٹ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی قادری جمعرات کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی ؒ ، شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔ بعد نماز عشاء نگران محفل کا خطاب اور ’ جماعت ابوالفداء ‘ کا قصیدہ بردہ شریف اور ذکر و سلوک و مراقبہ کی مجلس رہے گی ۔۔

حلقہ ذکر الہیٰ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : خانقاہ قادریہ حامدیہ کے زیر اہتمام جمعرات بعد نماز مغرب خانقاہ قادریہ حامدیہ روبرو ایس ایم پی ماڈل اسکول ، سائی رام انکلیو ، حیدر شاہ کورٹ ، راجندر نگر منڈل ، حلقہ ذکر الہٰی ہوگا اور بعد نماز عشاء اسپوکن عربی کلاس منعقد ہوں گی ۔ جس میں عربی سیکھنے والے خواہش مند حضرات کو عربی صرف و نحو کی تعلیم مولانا محمد شرف الدین نظامی قادری دیں گے ۔ نگرانی مولانا محمد عابد علی خاں القادری المقتدری کریں گے ۔۔

محفل سماع
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : مرکزی بزم انوار صوفیہ شاہ ولی اللہی کے زیر اہتمام سالانہ جشن شیخ الاسلام حافظ شاہ محمد انوار اللہ فاروقی قادری ؒ اور حضرت صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی رازؒ واعظ سرکار عالی جامع مسجد چوک کی مجلس فاتحہ 17 جنوری کو احاطہ صوفی منزل مصری گنج میں مقرر ہے ۔ بعد نماز عصر مجلس ختم قرآن مجید ، بعد مغرب مجلس حلقہ ذکر اللہ ، بعد عشاء محفل سماع زیر نگرانی مولانا قاضی صوفی شاہ محمد عبدالقادر قادری چشتی قادر پاشاہ مقرر ہے ۔ مولانا ابرار احمد خاں قادری کی قرات و صوفی شاہ محمد عبدالرحمن قادری چشتی تبریز پاشاہ کی نعت ہوگی ۔ اس موقع پر نگران محفل حضرت بانی جامعہ کی خدمات پر خطاب کریں گے ۔۔

قرات و اذاں کی تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : قاری محمد صمصام الدین حسامی کے بموجب علامہ حسام الدین فاضل میموریل ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام حسامیہ اسکول اندرون کمان شیخ فیض یاقوت پورہ میں جمعہ ، ہفتہ ، اتوار اور پیر بعد نماز مغرب تا عشاء قاری غلام احمد نیازی کی زیر سرپرستی لڑکوں کیلئے قرات کلام پاک معہ تجوید اور اذان کی تربیتی کلاسیس مفت چلائیں جارہے ہیں ۔۔

عرس شریف بانی جامعہ وجلسہ تقسیم اسنا د جامعہ نظامیہ
اسناد عطائے خلعت و دستار بندی فاضلین و حفاظ جامعہ نظامیہ، نعتیہ مشاعرہ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : (پریس نوٹ) علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ نظامیہ حیدرآباد کے زیراہتمام بموقع عرس شریف شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیز بانی جامعہ نظامیہ و جلسہ تقسیم اسناد عطاے خلعت و دستار بندی فاضلین و حفاظ ‘ تین روزہ علمی تقاریب منعقد ہوں گے ۔ عرس کمیٹی کا اجلاس بصدارت مولانا سیدشاہ اکبر نظام الدین حسینی صابری امیر جامعہ ‘جامعہ نظامیہ منعقد ہوا ‘اجلاس میں مفکر اسلام مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ‘ ‘مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ نائب شیخ الجامعہ ‘مولانا حافظ سیدبدیع الدین صابری رکن معزز مجلس انتظامی جامعہ نظامیہ‘مولانا سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ‘ مولانا قاضی سید لطیف علی نائب مہتمم کتب خانہ :جامعہ نظامیہ مولانا حافظ محمدعبید اللہ فہیم قادری ملتانی منتظم جامعہ نظامیہ شریک تھے طے پایا کہ 3 ؍ فبروری2019 روزیکشنبہ 10؍ساعت دن علمی مذاکرہ بعنوان’ ’دور جدید کے طبی مسائل شریعت کی روشنی میں‘‘منعقد کیا جائے۔ اس علمی مذاکرہ میں حسب ذیل مولانا حافظ سید ضیاء الدین ’’سروگسی کی حقیقت ‘ مختلف شکلیں اور شرعی احکام ‘‘ ، مولانا حافظ سیدبدیع الدین صابری ’’ کلوننگ کے مسائل شریعت کی روشنی میں‘‘، مولانا حافظ محمدلطیف احمد ’’پلاسٹک اور کاسمٹک سرجری حلت وحرمت کے تناظرمیں‘‘، مولانا حافظ سید واحد علی ’’سرجری کے اقسام اور صورتیں شریعت کے آئینہ میں‘‘ اور مولانا حافظ محمد امین الدین ’’طبی مشورہ کی بنیاد پرقتل اور اسقاط حمل اسلامی نقطہ نظر سے‘‘مقالہ جات پیش کریں گے ۔ 5؍فبروری2019 ء بروزسہ شنبہ ‘ بعد نماز عصرقران خوانی و چادر گل برمزار بانی جامعہ شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی قدس سرہ العزیزپیش کی جائے گی ۔ بعد نماز مغرب جلسہ تقسیم اسناد ‘دستاربندی و عطائے خلعت بصدارت مولانا سیدشاہ اکبر حسینی صابری امیر جامعہ نظامیہ منعقد ہوگا ۔ قراء ت قرآن مجید‘ نعت شریف سے جلسہ کی کاروائی کا آغاز ہوگا ۔ مولانا مفتی خلیل احمد خطبہ استقبالیہ دیں گے‘بزبان اردو‘اور بزبان عربی طلبہ جامعہ کی تقاریر ہوںگی ‘ تعلیمی رپورٹ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ پیش کریں گے ۔مالی رپورٹ جناب سید احمد علی معتمد جامعہ نظامیہ پیش کریں گے ۔ تذکرہ حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ مولانا حافظ میر لطافت علی شیخ التفسیر‘جامعہ نظامیہ بیان کریں گے ۔ فاضلین جامعہ و حفاظ جامعہ کی خلعت دستار بندی بدست شیوخ جامعہ نظامیہ عمل میں آے گی ۔ تقسیم اسناد انعامات اور گولڈ میڈل بدست حضرت امیر جامعہ نظامیہ عمل میں آے گی۔ سال حال جامعہ نظامیہ کے امتیازی کامیاب طلبہ اور کلیۃ البنات جامعہ نظامیہ کی امتیازی کامیاب طالبات کو گولڈ میڈل دئے جائیں گے۔6؍فبروری کو بعد نماز عشاء طلبا جامعہ کے زیر اہتمام نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا جس میں شعراء کرام اپنا نعتیہ کلام پیش کریں گے ۔

جامعہ نظامیہ کا سالنامہ ’ مجلہ انوار نظامیہ ‘ کی اشاعت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : علوم اسلامیہ کی عظیم دینی درس گاہ جامعہ نظامیہ کا سالنامہ ’ مجلہ انوار نظامیہ ‘ بابتہ 2019 کی اشاعت بموقع جلسہ تقسیم اسناد و عرس شریف حضرت شیخ الاسلام عارف باللہ مولانا حافظ محمد انوار اللہ فاروقی ؒ بزبان اردو و عربی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ جس کے لیے مضامین روانہ کریں ۔ اساتذہ کرام ، طلبہ قدیم و جدید ، طلباء وطالبات جامعہ نظامیہ سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے مضامین صاف اور خوش خط فل اسکیپ کاغذ پر صفحہ کی ایک جانب لکھے ہوئے دفتر معتمدی جامعہ نظامیہ میں 20 جنوری 2019 تک جمع کروائیں تاکہ اشاعت میں سہولت ہو ۔۔

عرس شریف حضرت مرزا سردار بیگؒ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : حضرت میر غلام حسین احمد علی شاہ المعروف بہ مرزا سردار بیگ ؒ کا عرس مبارک 18 تا 20 جنوری منعقد ہوگا ۔ 18 جنوری بعد مغرب محفل سماع بعد نماز عشاء برآمدی چادر صندل عطر و گل از دمدمہ کونچہ حضرت سردار بیگ صاحب قبلہؒ مہندی محبوب سبحانی سے درگاہ شریف واقع آغا پورہ بارگاہ حضرت ممدوح رسم صندل مالی چادر گل سجادہ نشین انجام دیں گے ۔ 19 جنوری کو بعد نماز مغرب جشن چراغاں و محفل سماع و پیشکشی چادر گل بارگاہ حضرت ممدوح 20 جنوری کو بعد نماز عصر تا مغرب تلاوت کلام مجید خانقاہ مدرسہ دارالعرفان دمدمہ حضرت ممدوحؒ مہندی محبوب سبحانی بعد عشاء محفل سماع و بعد زیارت آثار تبرکات عمل میں آئے گا ۔۔

جشن میلاد حضرت سید محمد جونپوری مہدی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( راست ) : مرکزی انجمن مہدویہ کے زیر اہتمام جشن میلاد خاتم الولایت محمدیہ خلیفتہ اللہ حضرت میراں سید محمد مہدی موعود کی سہ روزہ تقاریب زیر نگرانی جناب عادل محمد خاں صدر مرکزی انجمن مہدویہ منعقد کی جارہی ہیں ۔ ان تقاریب کا پہلا اجلاس طرحی نعتیہ مشاعرہ 13 جمادی الاول بروز اتوار 9-30 بجے شب منعقد ہوگا ۔ جناب ابوالفیض سید احمد عابد معتمد مشاعرہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ دوسرا اجلاس جلسہ عام 14 جمادی الاول بروز پیر 9 بجے شب منعقد ہوگا ۔ حضرت سید اشرف روحی قبلہ مہمان خصوصی ہوں گے ۔ اور جناب سمیع الرحمن خاں بوزئی صدر استقبالیہ ہوں گے ۔ قاری سید نظام الدین اشرفی کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ سید محمد جیلانی اشرفی معتمد استقبالیہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ 15 جمادی الاول 9 بجے شب جلسہ خواتین زیر نگرانی محترمہ آسیہ سلطانہ صدر شعبہ خواتین مرکزی انجمن مہدویہ منعقد کیا جارہا ہے ۔ محترمہ سیدہ شبانہ تسنیم مہمان خصوصی ہوں گے ۔ محترمہ سیدہ عزیز بانو محمودی صدر استقبالیہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ محترمہ سیدہ زاہدہ محمود و حافظہ و قاریہ محترمہ سیدہ شفتین ، محترمہ سیدہ وسیمہ مسلم و نمرہ صباحت جلسہ کو مخاطب کریں گے ۔ حافظہ و قاریہ محترمہ سیدہ نمرہ صباحت کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوگا ۔ تینوں تقاریب احاطہ مرکزی انجمن مہدویہ چنچل گوڑہ میں منعقد ہوں گی ۔ برادران ملت و خواتین اور مختلف مقابلے جات کے انعام یافتگان سے شرکت کی خواہش کی جاتی ہے ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ /16 جنوری (راست) خانقاہِ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج ’’محفل ذکر و درود شریف ‘‘ بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی پیر طریقت حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی ، عالی سجادہ نشین و متولی مقرر ہے۔

یادِ غالب بین الریاستی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ /16 جنوری (پریس نوٹ) بزم ہدایت کے زیراہتمام /19 جنوری کو پوڈیم مال ٹولی چوکی ، میں بین الریاستی عالی شان و نمائندہ مشاعرہ منعقد ہوگا ۔ مہمان خصوصی جناب محمد قمر الدین (چیرمین مائناریٹی کمیشن) ہوں گے جبکہ ڈاکٹر معید جاوید صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی کی صدارت منور النساء منور (ہندوستان کی پروین شاکر) کی خصوصی آمد ہوگی ۔ مہمانان اعزازی جناب راشد فراز الدین اور جناب نصیرالدین شرکت کریں گے ۔ اس مشاعرے میں ڈاکٹر فاروق شکیل ، منور النساء منور ، شاہد عدیلی ، فرید سحر ، سردار اثر ، عارف سیفی ، وحید پاشاہ قادری ، شکیل حیدر کانپوری ، ڈاکٹر سلیم ساحل ، سردار سلیم ، قیوم یاور تانڈوری ، فاروق ساحل تانڈوری ، محبوب خان اصغر ، شفیع اطہر نظام آبادی ، واحد نظام آبادی ، لطیف الدین لطیف ، کوکب ذکی ، مہک کیرانوی ، قاضی ہاشم تنہا ، آتش حیدرآبادی ، اپنا کلام سنائیں گے ۔ نظامت جناب آتش حیدرآبادی کی ہوگی ۔

دینی اجتماع
حیدرآباد ۔ /16 جنوری (راست) تحریک اسلامی کے زیراہتمام ہفتہ واری اجتماع /17 جنوری بروز جمعرات کو 9 تا 11 بجے شب سنی مرکز مسجد گل بانو نامپلی میں منعقد ہوگا ۔ امیر تحریک اسلامی مولانا مفتی محمد آصف بلال قادری کا ’’اصلاح معاشرہ‘‘ پر خصوصی خطاب ہوگا ۔

بضمن عرس شریف کل ہند نعتیہ و منقبتی مشاعرہ
حیدرآباد ۔ /16 جنوری (راست) کل ہند طرحی نعتیہ و منقبتی فارسی ، اردو مشاعرہ بضمن عرس شریف شہزادۂ حضور غوث الاعظم دستگیرؓ نبیرۂ سید الابدال حضرت سید شاہ عبداللطیف قادری لاابالی الجیلانیؒ قطب دوراں و تددکن حضرت سید شاہ عبداللہ شاہ قادری لاابالی الجیلانیؒ /19 جنوری کو 9 بجے شب اندرون احاطہ بارگاہ حضرت پتھر والے صاحبؒ مستعد پورہ ، کاروان مصرعہ طرح فارسی نعت شریف : یا رسول عربی شافع عصیاں مددے (عصیاں ۔ ساماں) ، مصرعہ طرح اردو نعت شریف : یا نبیؐ میرا یہ سر آپ کے در پر ہوتا ۔ (ہمسر ۔ بہتر) ، مصرعہ طرح اردو منقبت : آج عبداللہ شاہ کا صندل ہے ۔ (دلربا۔ رہنما) منعقد ہوگا ۔ نگرانی ڈاکٹر الحاج سید شاہ عبدالمہین القادری لاابالی الجیلانی ، سجادہ نشین بارگاہ پتھر والے صاحب کریں گے ۔ مشاعرہ کے کنوینر حضرت سید عبدالمستعان قادری محی ہوں گے ۔ ناظم مشاعرہ جناب اطیب اعجاز قادری ہوں گے ۔ شعراء کرام مسرز عثمان انجم ، نذیر مہک ، رفیق ناگوری ، علیم صبا نویدی ، مبین احمد زخم ، وحید واجد ، امام قاسم ساقی ، حلیم صابر ، رائیس اعظم حیدری ، رضوان گورکھپوری ، اشرف یعقوبی ، نواز عصیمی ، احمد اورنگ آبادی کے علاوہ اضلاع اور دیگر ریاستوں سے شعراء کرام کلام پیش کریں گے ۔

کل ہند خواتین کانفرنس کے مجلس استقبالیہ کا انتظامات پر جائزہ
حیدرآباد ۔ /16 جنوری (راست) جامعۃ المؤمنات کی مجوزہ ایک روزہ کل ہند خواتین کانفرنس کی مجلس استقبالیہ کے ذمہ داران امیر شریعت مفتی محمد حسن الدین ڈائرکٹر کانفرنس ، سید شاہ نورالحق قادری سرپرست استقبالیہ ، جناب وحید احمد ایڈوکیٹ صدر استقبالیہ ، حافظ محمد صابر پاشاہ معتمد نشر و اشاعت ، مولانا ڈاکٹر مفتی عبدالواسع احمد صوفی معتمد استقبالیہ ، مولانا سید یوسف الدین بغدادی رکن استقبالیہ ، مفتی عبدالرحیم رکن استقبالیہ ، مولانا حافظ محمد عادل رکن استقبالیہ ، مولانا عابد صابری نے /3 فبروری بروز اتوار کو منعقد شدنی کانفرنس کے بضمن چنچل گوڑہ جونیر کالج گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔

آئمہ و موذنین کیلئے اجلاس
حیدرآباد ۔ /16 جنوری (راست) آل انڈیا صوفی علماء کونسل کے زیراہتمام آئمہ و موذنین کیلئے حکومت تلنگانہ سے مقرر کردہ اعزازیہ کیلئے /17 جنوری بروز جمعرات دوپہر 2 بجے تا 4 بجے دن ایک اجلاس مقرر ہے ۔ اجلاس H.S.M.S کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹ کشن باغ نزد انڈیانا ہوٹل وقت کی پابندی کے ساتھ مقرر ہے ۔