مذہبی خبریں

   

امیر المومنین سیدنا علی ؓ باب علم، شجاع اسلام، سر چشمہ فیضان ولایت ہیں
آئی ہرک کاتاریخ اسلام اجلاس۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اور پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی کے لکچرس
حیدرآباد ۔17؍مارچ( پریس نوٹ) حضور انور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی آغوش رحمت میں نشو و نما پانے والے بنو ہاشم کے روشن چراغ،شجاع اعظم، شیر خدا، امیر المومنین ، خلیفہ چہارم حضرت سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہٗ کو نو عمروں میں سبقت اسلام کا منفرد اعزاز اور ابتداء ہی سے خدمات دین حق کا شرف حاصل ہوا ۔ عشق و اطاعت حق تعالیٰ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے سچی محبت اور اتباع کاملہ، قرآن و سنت پر عمل پیرائی کا اعلی ترین نمونہ حضرت سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہٗ کی حیات و معمولات و اخلاق و کردار اعلیٰ میں بہر پہلو ملتا ہے ۔ ان کی مبارک زندگی علم و تقوی، شجاعت و سخاوت، خصائل حمیدہ، قول و عمل کی یکسانی کا اعلی ترین امتزاج پیش کرتی ہے۔ فہم قرآن مجید، روایت و کتابت احادیث اور استنباط مسائل میں حضرت علی ؓ بے مثل و بے نظیر تھے آپ کی مجتہدانہ شان، عادلانہ مزاج، عمدہ فیصلوں اور بلند تر علمی مرتبہ کا معاصر صحابہ کو اعتراف تھا۔ حضرت علی ؓ قران شریف کی آیات کے نزول کے موقع و محل اور جملہ تفصیلات سے واقف تھے کہ کونسی آیت مبارکہ کب، کہاں اور کس کے بارے میں اتری ہے، فقہی احکام پر مبنی احادیث نبویؐ کا ایک مجموعہ ہمیشہ آپ کے پاس رہا کرتا تھا۔ باب علم، شیر خدا حضرت علی ؓ حضور رحمتہ للعلمین ؐ کے چہیتے اور ابن عم،خلیفہ چہارم اور خلفائے ثلاثہ کے رفیق، مشیر و معاون، فاتح خیبر، قاضی یمن اور سلاسل طریقت کے امام اور سر چشمہ فیضان ہیں۔ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے آج صبح 9 بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی قدیم اور 11-30 بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی مالاکنٹہ روڈ روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک کے زیر اہتمام منعقدہ 1346 ویں تاریخ اسلام اجلاس کے دونوں سیشنوں میں امیر المومنین حضرت سیدنا علی کرم اللہ وجہہ کے احوال شریف پر لکچر دئیے۔ قرا ٔت کلام پاک، حمد باری تعالیٰ،نعت شہنشاہ کونین ؐ سے اجلاس کا آغاز ہوا۔صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں دعوت حق کے مرحلہ وار اور قوی اثرات پر موثر حقائق بیان کئے ۔ مولانا مفتی سید شاہ محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل جامعہ نظامیہ نے ایک آیت جلیلہ کا تفسیری، ایک حدیث شریف کا تشریحی اور ایک فقہی مسئلہ کا توضیحی مطالعاتی مواد پیش کیا۔ پروفیسرسید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے علم الادب کی اہمیت پر اہم نکات پیش کئے بعدہٗ انگلش لکچر سیریز کے ضمن میں حیات طیبہؐ کے مقدس موضوع پراپنا1073 واں سلسلہ وار، پر مغز اور معلومات آفریں لکچر دیا۔بعد ازاں انھوں نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی حیات مبارکہ کے مختلف نورانی پہلو پیش کیے ۔ انھوں نے بتایا کہ بعثت شریف سے تقریباً دس سال قبل13 ماہ رجب المرجب کو حضرت علی ؓ کی ولادت با سعادت ہوئی ۔ کم عمری میں سعادت ایمان سے ممتاز ہوے اور پھر نصرت دین کے لئے وقف ہو گئے۔ شب ہجرت بستر رسول ؐ پر استراحت کا شرف پایا۔ بعدازاں خود بھی ہجرت کی۔ماہ رمضان المبارک 40 ھ میں شہادت کا جام نوش فرمایا۔ اجلاس کے اختتام سے قبل بارگاہ رسالت پناہیؐ میں حضرت تاج العرفاءؒ کا عرض کردہ سلام پیش کیا گیا۔ ذکر جہری اور دعاے سلامتی پر آئی ہرک کا 1344 واں تاریخ اسلام اجلاس اختتام پذیر ہوا۔الحاج محمد یوسف حمیدی نے ابتداء میں تعارفی کلمات کہے اور آخر میںجناب محمد مظہر اکرام حمیدی نے شکریہ ادا کیا۔

شعور کی کمی ،زوجین کے اختلافات کی اہم وجہ
بیوی کو ٹارچر کرنے والے اچھے مسلمان نہیں کہلاتے ، جامعتہ البنات میں ذہن سازی پروگرام سے مقررین کا خطاب
حیدرآباد /19 مارچ ( پریس نوٹ ) حسن سلوک ، نان نفقہ ، سکونت اور حق زوجیت شوہر کے ذمہ فرض ہے ۔ بیوی کو ذہنی اور جسمانی ٹارچر کرنے والے اچھے مسلمان نہیں ہوتے ۔ دوسری جانب بیوی کے ذمہ شوہر کی اطاعت اور اسے خوش رکھنے کی ضرورت ہے ۔ مفتی انعام الحق قاسمی نے جامعتہ البنات ،سعیدآباد حیدرآباد میں شادی کے بعد خوشگوار خاندان کیسے بنائیں کے عنوان پر نوبیاہے شادی شدہ جوڑوں اور شادی کے منتظر لڑکے اور لڑکیوں کیلئے اتوار 17 مارچ کو منعقدہ کل یومی ذہن سازی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ مولانا نصیرالدین استاذ جامعہ البنات شعبہ تحصص نے مقصد نکاح پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ عصمت و آبرو کی حفاظت اور نسل انسانی کی افزائش کیلئے ہے ۔ محض جنسی تسکین کیلئے نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شادی لرکی اور لڑکا دونوں کے خاندانوں کیلئے بوجھ بن چکی ہے ۔ اس کی مختلف وجوہات میں غیر ضروری رسمیں بھی ہیں ۔ شادی کے سلسلہ میں مسنون تقریب صرف ولیمہ ہی ہے بقیہ تقاریب معاشرہ پر بوجھ اور غیر ضروری ہیں۔ مرزا خالد بیگ ممتاز ماہر نفسیات وکوچ نے اختلاف کیسے پیدا ہوتا ہے اور اس کا حل کیا ہے ‘‘ کے عنوان پر اپنے مخصوص انداز میں بتایا کہ اختلاف کی بنیادی وجہ زندگی کے تعلق سے صحیح شعور کی کمی اور تنگ دلی ہے ۔ دوسروں کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی اور مسئلہ پیدا ہوجائے تو اس کے حل کرنے میں تاخیر بھی وجہ ہے ۔ صدر معلمہ جامعتہ البنات محترمہ آنسہ سمیہ نے تربیت اولاد کے ذریعہ گھر کے ماحول کو اسلامی سانچہ میں ڈھالنے کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کی تربیت اسلامی فریضہ ہے اور اللہ کی طرف سے امانت ہے جس میں خیانت جائز نہیں ہے ۔ مفتی محبوب شریف نظامی نے ’’ طلاق و خلع کے مراحل اور اس کا درس طریقہ ‘‘ کے عنوان پر خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض مرتبہ وسائل کی دستیابی بہتر ازدواجی رشتہ حتی کہ دینداری کے باوجود رشتہ میں دراڑ آجاتی ہے ۔ جب شوہر اور بیوی کا باہم مل کر رہنا بالکل ہی مشکل ہوجائے تو نفرت اور کراہت آجانے کے باوجود زندگی کو زبردستی گھسیٹتے رہنے پر اسلام مجبور نہیں کرتا بلکہ بھلے طریقہ سے شوہر اور بیوی کو الگ ہوجانے کا طریقہ بتایا گیا ہے ۔ انسانی معاشرہ کے لحاظ سے یہی سب سے بہترین راستہ ہے ۔ تاہم طلاق یا خلع کیلئے فریق مخالف پر دباؤ ڈالنا کسی کیلئے بھی جائز اور مناسب نہیں ۔ مفتی محبوب شریف نظامی نے بتایا کہ طلاق ایک ایسا عمل ہے جس کا مکمل طریقہ قرآن مجید میں موجود ہے ۔ مختلف عنوانات پر لکچررس کے بعد کثیر تعداد میں موجود شرکاء کو سوال و جواب کا موقع فراہم کیا گیا ۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : عرس شریف حضرت الحاج محمد مشتاق احمد قبلہ ؒ 15 رجب کو مسجد اکبریہ احاطہ درگاہ شریف حضرت سید شاہ اکبر حسینی قبلہ غازی بنڈہ میں مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق چار بجے شام تلاوت کلام پاک بعد عصر چادر گل محفل ذکر بعد عشا جلسہ فیضان اولیاء بعد جلسہ نغمہ چشت ہوگی ۔ حضرت محمد عابد علی اقبال عابدی شاہ سرپرستی کریں گے ۔۔

سالانہ جشن مولود کعبہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : فیضان چشتیہ حیدرآباد دکن کے زیر اہتمام حضرت سیدنا علی مرتضیٰ کرم اللہ وجہ کی یوم ولادت کے موقع پر حسب عملدرآمد جشن مولود کعبہ 20 مارچ کو بعد نماز عشاء دانش گاہ چشتیہ نزد نیو ایڈین ہائی اسکول نٹراج نگر جھرہ ٹپہ چبوترہ میں زیر نگرانی مولانا خواجہ پیر شاہ محمد مہتاب چشتی کربلائی ( ناظم فیضان چشتیہ) مقرر ہے ۔ محفل کا آغاز قاری محمد اسماعیل قریشی چشتی کی قرات کلام پاک سے ہوگا ۔ مولانا محمد شجر الہدی ، محمد اعجاز پاشاہ ، محمد نعیم اطہر ابوالفیض خواجہ معین الدین چشتی عبدالمطلب چشتی محمد شاہ رخ قادری ، خواجہ شرفی بارگاہ امامت و شاہ ولایت میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کریں گے ۔ مولانا حافظ محمد عامر شرفی اور نگران محفل کا فضائل مولائے کائنات پر خطاب ہوگا ۔ مولانا شاہ محمد عمر شمسی ، سید باقر حسین قادری صوفی غوث ابوالعلائی بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے ۔ صلواۃ و سلام دعا پر اختتام ہوگا ۔۔

مسلمان ، مایوس نہ ہوں ، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں
نیوزی لینڈ واقعہ کی شدید مذمت ، کل ہند مجلس تعمیر ملت کے احتجاجی جلسہ میں مقررین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں ایک مذہبی جنونی دہشت گرد کی فائرنگ کا واقعہ مسلمانوں کے خلاف یکا و تنہا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس کا تسلسل 1400 سال قبل سے جا ملتا ہے جب کفار و مشرکین مکہ نے اسلام کو دبانے اور کچلنے کے لیے ہر حربہ پوری قوت کے ساتھ استعمال کرلیا اور اس چراغ کو بجھانے کی ان کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں جسے اللہ تبارک و تعالیٰ نے روشن کرنا چاہا تھا ۔ کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیر اہتمام اردو گھر مغل پورہ میں منعقدہ ایک احتجاجی جلسہ عام میں مقررین نے ان خیالات کا اظہار کیا اور فائرنگ کے اس واقعہ کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ۔ جناب سید جلیل احمد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اس حملہ کو کسی جنونی کی وحشیانہ حرکت نہیں کہا جاسکتا ۔ نیوزی لینڈ جیسے امن پسند اور پرامن ملک میں اس قسم کا سنگین واقعہ اس خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتا ہے جو ساری دنیا میں مسلمانوں کے خلاف پھیل رہا ہے ۔ یہود و نصاریٰ اور ان کے حلیف عناصر دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف مسموم فضا تیار کررہے ہیں ۔ جناب ضیا الدین نیر نے کہا مسلمانو مایوسی کا شکار نہ ہوں بلکہ اللہ کی رسی کو مضبوطی کے ساتھ تھامے رہیں ۔ جناب محمد وہاج الدین نے کہا حملہ آور نے اپنے اسلحہ پر مختلف نام درج کیے ہیں جو یوروپی جرنیلوں کے تھے جنہوں نے مختلف معرکوں میں مسلمانوں کو شکست دی تھی ، اس طرح وہ تاریخ کے تسلسل کو دہرانا چاہتا تھا ۔ ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد نے کہا کہ اس حملہ کا مقصد یہ نظر آتا ہے کہ فلسطین اور اسرائیل میں مسلمانوں پر جو مظالم ہورہے ہیں ان کی طرف سے دنیا کی توجہ ہٹا دی جائے اور اسرائیل کو اپنی توسیع پسندانہ اور ظالمانہ کارروائیاں جاری رکھنے کا کھل کر موقع مل جائے ۔ جناب عمر احمد شفیق نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں جو واقعہ پیش آیا وہ مسلمانوں کے خلاف عالمی سازشوں کا ایک حصہ ہے ۔ اس موقع پر شہید مسلمانوں کے لیے جنت میں اعلیٰ درجات اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی ۔ جناب محمد علی سلیم نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔ کنوینر جناب مرزا یوسف علی بیگ نے آخر میں شکریہ ادا کیا ۔ حافظ و قاری احسن الحق مظاہری کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔۔

آج ماہانہ مجلس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : ماہانہ مجلس حضرت خواجہ محمد غلام محبوب میاں شاہ صدیق القادری چشتی حق نما و حضرت خواجہ محمد غلام صمدانی شاہ صدیق القادری چشتی عارف نما 12 رجب بعد نماز عشاء مرکزئے محبوبین جہاں نما نواب صاحب کنٹہ میں مقرر ہے ۔ جس میں حلقہ ذکر محفل سماع ہوگی ۔ مولانا شاہ محمد غلام سبحانی پاشاہ قادری نگرانی کریں گے ۔۔

مرکزی انجمن قادریہ کے مشاورتی اجلاس کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے قدیم جلسہ جشن معراج النبیؐ کے ضمن میں آج سہ پہر صدر دفتر مرکزی انجمن قادریہ یحییٰ مسکن قاضی پورہ میں ایک مشاورتی اجلاس مولانا سید شاہ حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر مرکزی انجمن قادریہ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ مولانا سید شاہ غلام قادر قطب حسینی القادری معتمد مرکزی انجمن قادریہ نے 26 رجب کو میلاد میدان خلوت پر منعقد ہونے والے قدیم جلسہ جشن معراج النبیؐ کے پرگرامس سے تفصیلی واقف کروایا اور کہا کہ اس جلسہ جشن معراج النبیؐ کی نگرانی مولانا سید شاہ حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر مرکزی انجمن قادریہ کریں گے ۔ جب کہ خصوصی خطاب ڈاکٹر سید شاہ محمود صفی اللہ حسینی وقار پاشاہ کا ہوگا ۔۔

انسانیت کو راہِ راست پر لانا ، حضرت غریب نوازؒ کا مقصدِ حیات
درگاہ یوسفینؒ میں مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ) : حضرت خواجہ غریب نوازؒ معین الدین چشتی کی حیات طیبہ کا مقصدِ عین بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانا ، خلق کو خالق سے جوڑنا ان کے اندر توحید و رسالت ؐ کی شمع کو بندگان خدا سے روشن کرنا ہی حضرت خواجہ حسن معین الدین چشتیؒ کا کارنامہ رہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو اس دنیائے فانی سے گزرے ہوئے 807 سال ہونے کے باوجود آج بھی ان کی محبت لوگوں کے دلوں میں تر و تازہ ہے ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اللہ ان کی محبت کو مخلوق کے دلوں میں پیوست کی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی قادری صدر تنظیم اصلاح معاشرہ نے جلسہ فیضان غریب نواز ؒ سے درگاہ یوسفینؒ میں منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی تعلیمات قرآن و حدیث کی عین مطابق ہوا کرتی ہے ۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے دست مبارک پر 99 لاکھ لوگوں نے اسلام قبول کیا ۔ اس کے باوجود بھی آپ عجز و انکساری کے سراپا پیکر تھے اوراپنے آپ کو نبی رحمت ﷺ کی غلامی و اہلبیت کی محبت کے ترانے آپ کی روزمرہ کے معاملات کا ایک اہم حصہ تھا ۔ آپ اکثر نفل روزہ اور عبادتوں میں اپنے آپ کو مصروف رکھتے ۔ خدمت خلق کے جذبہ کو اپنے مریدین و معتقدین میں تلقین کیا کرتے ۔ آنے والی نئی نسلوں کو ان کی تعلیمات ان کے احسانوں کو یاد دلانا چاہیے ۔ آج بھی ان کا مرقد آرام گاہ بلا مذہب و ملت کے لیے روحانی و باطنی سکون کا بہترین مرکز ہے ۔ مولانا سید اکبر علی شاہ قادری مسجد درگاہ یوسفینؒ کی نعت و قرات سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔۔

قرات ، حمد ، نعت و اذاں کی
فری تربیتی کلاسیس
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : کلیتہ البنین مغل پورہ میں بروز چہارشنبہ بعد نماز عشاء قرات ، حمد ، نعت ، و اذاں کی مفت تربیتی کلاسیس حافظ محمد صابر پاشاہ قادری لیں گے ۔۔

حمیدیہ میں آج چٹھی محفل حضرت
سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہٗ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل (انڈیا) آئی ہرک اور مجلس انتظامی درگاہ حضرت تاج العرفاء سید شاہ محمد سیف الدین قادری شرفی ؒ کے زیر اہتمام ’’حمیدیہ ‘‘واقع درگاہ شرفی چمن سبزی منڈی قدیم میں 7 تا 13 رجب المرجب جاری سالانہ محافل حضرت امیر المومنین سیدنا علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ کے سلسلہ کی چٹھی محفل 12 رجب المرجب صبح 8-30 بجے زیر نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین حسینی قادری شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک و سجادہ نشین درگاہ حضرت تاج العرفاءؒ شرفی چمن منعقد ہوگی۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک، مولانا مفتی سید محمد سیف الدین قادری حاکم حمیدی کامل نظامیہ و معاون ڈائریکٹر آئی ہرک،صاحبزادہ سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی کے علاوہ نگران محفل کے خطابات ہوں گے۔ نعت خواں حضرات نعت ومنقبت پیش کریں گے ۔۔

جشن مولود کعبہ حضرت سیدنا علی ؓ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ مارچ : ( راست ) : بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام سالانہ جشن بسلسلہ ولادت باسعادت حضرت سیدنا علی المرتضیؓ کا 21 مارچ 8-30 بجے شب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خاں صاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں مقرر ہے ۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے ۔ جناب سید ماجد علی خلیل ، حبیب محمد رفیع المرغنی ، اکبر خاں ، اشتیاق حسین خاں شرفی ، محمد حسن قادری الملتانی ، محمد جلیل احمد چشتی مہمانان خصوصی ہوں گے۔ قاری محمد عبداللہ صوفیانی کی قرات کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوگا ۔۔