مذہبی خبریں

   

جلسہ تکمیل حفظ قرآن و
درس ختم بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( راست ) : مفتی معین الدین حسامی بانکوی کے بموجب 6 اپریل ہفتہ 9 بجے صبح سلامی آرگنائزیشن کے زیر اہتمام جامعہ فیض الاسلام سلامی اسٹریٹ وٹے پلی میں صدر سلامی آرگنائزیشن و بانی و مہتمم جامعہ کی صدارت اور قاری محمد عبدالرحمن خاں ندیم سلامی ناظم جامعہ کی نگرانی میں جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم و درس ختم بخاری شریف مقرر ہے ۔ مولانا محمد انصار قاسمی شیخ الحدیث جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیں گے ۔ مفتی کوثر عالم قاسمی شیخ الحدیث جامعہ اور مفتی معین الدین حسامی بانکوی استاذ حدیث جامعہ خصوصی خطاب کریں گے ۔ اس موقع پر اس سال فضیلت کی تکمیل کرنے والی طالبات اور تکمیل حفظ قرآن کریم کرنے والے طلبا اور طالبات کو جامعہ کی طرف سے تحفہ بھی دیا جائے گا ۔۔

قرآن کی تعلیمات ، کامیاب زندگی کی علامت
مولانا آزاد یونیورسٹی میں کتاب کی رسم اجرائی تقریب سے ڈاکٹر اسلم پرویز کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ ) : قرآن مکمل راہ ہدایت ہے ، اس کو سمجھ کر پڑھنا اور اس پر عمل کرنا ہر مسلمان کا دینی فریضہ ہے ۔ مگر افسوس کے دنیا اور آخرت کی سب سے متبرک کتاب خوبصورت جزدان میں الماریوں کی زینت بنی ہوئی ہے ۔ قرآن کو سمجھ کر پڑھنا اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنا کامیاب زندگی کی ضمانت ثابت ہوگا ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم پرویز نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں تاریخ اسلام کے عنوان پر لکھی گئی کتاب کی رسم اجرائی کے موقع پر صدارتی خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا ۔ گورنمنٹ ڈگری کالج میں تاریخ کی لکچرر ڈاکٹر ثمینہ بشیر نے دور جاہلیت سے مصر کے دور فاطمین تک کے واقعات کو اس کتاب میں شامل کیا ہے جو عثمانیہ یونیورسٹی کے سمسٹر نصاب کی مناسبت سے بی اے سال دوم کے اسٹوڈنٹس کے لیے کار آمد ثابت ہوگی ۔ ڈاکٹر اسلم پرویز نے کہا کہ قرآنی تعلیمات کے عام ہونے سے معاشرے سے بے جا رسومات ، شادیوں میں بیجا اصراف ، غیر ضروری اخراجات جیسے برائیوں کا بھی خاتمہ یقینی ہوگا ۔ ڈاکٹر ثمینہ بشیر نے گریجویٹ طلبہ کے لیے ان کی نصابی مناسبت سے کتابیں تحریر کی ہیں جس کا مطالعہ تاریخ کے طلبہ کے لیے کافی فائدہ مند رہا ہے ۔ مولانا سید طارق قادری کے علاوہ پروفیسر خواجہ معین الدین ، جناب سید ندیم اللہ قادری سہیل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ جناب عابد عبدالواسع پی آر او نے شکریہ ادا کیا ۔۔

ہفتہ واری محفل حلقہ ذکراللہ
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( راست ) : ہفتہ واری محفل حلقہ ذکر اللہ بارگاہ الحاج حافظ سید عبداللہ شاہ ولی قادری بروز جمعرات بعد نماز عشاء بمقام آستانہ عالیہ قادریہ حق چمن شاہ علی بنڈہ ہری باولی موڑ میں زیر نگرانی مولانا محمد اللہ شاہ قادری سرخیل آغا مقرر ہے ۔ پروگرام کے مطابق بعد عشاء محفل درود شریف و نعت و منقبت بعد ازاں اس محفل سے مولانا محمد عزت اللہ شاہ قادری سہیل پاشاہ خطاب کریں گے ۔ ذکر جہری دعا و سلام پر محفل کا اختتام عمل میں آئے گا ۔۔

محفل ذکر و درود شریف
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( راست ) : خانقاہ صوفیہ ابوالعلائیہ روبرو مسجد پیارو میاں مصری گنج محفل ذکر و درود شریف بروز جمعرات بعد نماز عشاء 9 بجے بہ سرپرستی خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی ابوالعلائی مقررہے ۔۔

ختم دلائل الخیرات
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( راست ) : ابوالفداء اسلامک ریسرچ سنٹر کے زیر اہتمام محفل ختم دلائل الخیرات ( درود شریف) و ختم خواجگان نقشبند و تعلیمات اولیاء نقشبند زیر نگرانی مولانا سید شاہ حسین شہید اللہ بشیر بخاری نقشبندی جمعرات کو بعد نماز مغرب بمقام مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینیؒ ، شکر گنج مقرر ہے ۔ خواتین کے لیے پردہ کا نظم رہے گا ۔۔

جلسہ اختتام درس ختم بخاری شریف
برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( راست ) : جامعتہ المومنات مغل پورہ میں جلسہ اختتام درس ختم بخاری شریف برائے خواتین مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل کی صدارت میں مقرر ہے ۔ مفتی محمد مستان علی قادری پس پردہ بخاری شریف کی آخری حدیث مبارکہ کا درس دینگے ۔ شعبہ حفظ القرآن کے فارغ التحصیل حفاظ کو تہنیت پیش کی جائے گی ۔ یہ تقریب 8 اپریل 10 بجے مقرر ہے ۔۔

نماز تراویح کیلئے حفاظ کا انتظام
حیدرآباد۔/3اپریل، ( راست ) مدرسہ انوارالعلوم الحبیبیہ کے زیر اہتمام رمضان المبارک میں نماز تراویح کے لئے حفاظ کرام کو تیار کیا جارہا ہے۔ جہاں کہیں شہر، اضلاع، بیرون شہر میں تراویح پڑھانے کیلئے حفاظ صاحبان کی ضرورت ہو تو 25 شعبان المعظم سے قبل فون نمبرات 9030769820 ، 8297994744 ، 7842835929پر ربط کیاجاسکتا ہے۔ ہدیہ کے سلسلہ میں حفاظ صاحبان سے باالمشافہ بات کی جاسکتی ہے۔

سلسلہ عالیہ قادریہ ملتانیہ کا حلقہ ذکر
حیدرآباد۔/3 اپریل، ( راست ) سلسلہ عالیہ قادریہ ملتانیہ کا حلقہ ذکر 5 اپریل جمعہ کو مرکز سلسلہ عالیہ قادریہ ملتانیہ بندل گوڑہ، عثمان باغ میں بعد مغرب زیر نگرانی مولانا حافظ محمد عبید اللہ فہیم قادری ملتانی خلیفہ حضرت پروفیسر مولانا سید عطاء اللہ الحسینی قادری ملتانی مقرر ہے جس میں ذکر کے علاوہ حضرت قبلہ کا مکتوب مولانا حافظ سید رؤف علی صاحب قادری ملتانی خلیفہ حضرت قبلہ سنائیں گے۔ جمیع وابستگان سلسلہ عالیہ قادریہ ملتانیہ سے شرکت کی خواہش کی جاتی ہے۔