مذہب کی تبدیلی کامعاملہ،سپریم کورٹ میں مرکزکاحلف نامہ،مذہب کی تبلیغ کرنابنیادی حق ہے،لیکن ۔۔۔

   

حکومت نے دھوکہ دہی، دباؤ یا لالچ کی وجہ سے مذہب کی تبدیلی کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیا ہے۔ سپریم کورٹ میں داخل حلف نامہ میں حکومت نے کہا ہے کہ 9 ریاستوں نے اسے روکنے کے لیے قانون بنایا ہے۔ مرکزی حکومت بھی ضروری اقدامات کرے گی۔ سپریم کورٹ کے ایک پرانے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے مرکز نے کہا ہے کہ مذہب کی تبلیغ کرنا بنیادی حق ہے، لیکن کسی کا مذہب تبدیل کر وانے کا حق نہیں ہے۔سپریم کورٹ کے جسٹس ایم آر شاہ کی سربراہی میں دو ججوں کی بنچ غیر قانونی مذہب کی تبدیلیوں کو روکنے کے لیے سخت قانون بنانے کے مطالبے کی سماعت کر رہی ہے۔ پچھلی سماعت میں عدالت نے اس قسم کی مذہبی تبدیلی کو ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا اورعدالت نے مرکزی حکومت سے عرضی پر جواب طلب کیا تھا۔