میڈرڈ : 31جولائی ( یو این آئی )اسپین اپنی فوج کو مراقش کے ساتھ اپنی سرحد پر سیوٹا شہر میں امن بحال کرنے کے لیے تعینات کرنے جارہا ہے جہاں ہزاروں تارکین وطن شہر میں داخل ہوگئے جبکہ اس کوشش میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہوئے۔یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب سیوٹا میں مقامی حکام نے مرکزی حکومت سے سرحدی خلاف ورزی پر کمک طلب کی۔ مراقش سے لوگوں کا ایک بڑا ہجوم سرحدی باڑ توڑتے ہوئے اسپین میں داخل ہوا۔اسپین کی حکومت نے کہا کہ وہ سیوٹا شہر میں سیکورٹی کو برقرار رکھنے میں سول گارڈ کی مدد کے لیے مسلح افواج بھیجے گی جبکہ اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز وزیر داخلہ فرنانڈو گرانڈے کے ساتھ جمعہ کو سیوٹا کے دورے پر آئیں گے۔اسپین کے سول گارڈ افسران کی نمائندگی کرنے والی ایسوسی ایشن کے سربراہ، جو سیوٹا میں سرحد کی نگرانی کرتے ہیں، نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ صورتحال مکمل افراتفری کا شکار ہے۔