مردم شماری ، ہر شہری کی قومی ذمہ داری :کلکٹر

   

درست معلومات کی فراہمی عوامی فلاح و بہبود سے مربوط ، سنگاریڈی میں شعور بیداری ریالی

سنگاریڈی ۔12مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگا ریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا ہے کہ مردم شماری ہر شہری کی قومی ذمہ داری ہے اور درست و مکمل معلومات ہی ملک کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کی منصوبہ بندی کی مضبوط بنیاد بنتی ہیں۔عوام میں مردم شماری کی بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ضلع کلکٹریٹ سے آئی بی تک پیدل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح ضلع کلکٹر پرتیک جین نے جھنڈی دکھا کر کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ مردم شماری کے عمل میں ہر شہری کی شرکت نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں مردم شماری کے سلسلے میں 10 مئی تک سیلف انیومریشن (خود اندراج) کا عمل مکمل کیا گیا، جبکہ 11 مئی سے گھر گھر جا کر معلومات جمع کرنے کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے لیے مقرر کردہ انیومریٹرز گھر گھر جا کر عوام سے تفصیلات حاصل کر رہے ہیں۔ ان عملے کو خصوصی شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں، لہٰذا عوام ان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ضلع کلکٹر نے واضح کیا کہ مردم شماری کے دوران حاصل کی جانے والی تمام معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی اور کسی بھی فرد کی ذاتی معلومات کا غلط استعمال نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کے ذریعے حکومت کو عوام کی سماجی اور معاشی صورتحال کا درست اندازہ ہوتا ہے، جس کی بنیاد پر فلاحی اسکیموں کی تیاری اور مؤثر عمل آوری ممکن ہوتی ہے۔ ملک کی ترقی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے لیے درست اعداد و شمار انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ضلع کلکٹر پرتیک جین نے تمام خاندانوں سے اپیل کی کہ وہ صحیح معلومات فراہم کرکے مردم شماری کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور تعاون دیں۔اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹرس سنگیتا اور پانڈو، ایڈیشنل ایس پی چیتنیا ریڈی، مختلف محکموں کے ضلعی افسران، ریونیو و پولیس عہدیدار ،تحصیلدار، ڈپٹی تحصیلدار، انیومریٹرز، آشا ورکرس، مختلف کالجوں کے طلبہ، تلنگانہ ثقافتی سارتھی کے فنکار، نوجوانوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔