مردم شماری سے فلاحی اسکیمات ختم نہیں ہوں گی

   

راشن اور آروگیہ شری کارڈز کے بارے میں پروپگنڈہ: سریدھر بابو
حیدرآباد۔/6 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے واضح کیا کہ اپوزیشن کی جانب سے فلاحی اسکیمات کے بارے میں گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ مردم شماری کے بارے میں عوام کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی موجودہ تمام اسکیمات بدستور جاری رہیں گی۔ طبقاتی سروے کے بعد بعض اسکیمات کو منسوخ کرنے سے متعلق اپوزیشن کے پروپگنڈہ پر عوام بھروسہ نہ کریں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ طبقاتی سروے کا مقصد ہر شخص کی معاشی، سماجی اور تعلیمی قابلیت کا پتہ چلانا ہے تاکہ آبادی کے اعتبار سے حکومت کی اسکیمات میں شمولیت دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سروے کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروے کی بنیاد پر ہر شعبہ میں پسماندہ طبقات کو انصاف فراہم ہوگا۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ سروے کے ذریعہ راشن کارڈ اور آروگیہ شری کارڈ کے ختم ہونے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی بھی اندیشہ کے بغیر مردم شماری میں حصہ لینا چاہیئے۔ بعض گوشوں کی جانب سے یہ ڈر پھیلایا جارہا ہے کہ مردم شماری کے بعد اسکیمات کو ختم کردیا جائے گا۔1