مردم شماری میں حصہ لینے مسلمانوں سے اپیل

   

’سیاست‘ کی مہم کا بی آر ایس لیڈر الیاس قریشی نے خیرمقدم کیا
حیدرآباد۔/5 نومبر، ( راست ) پرانے شہر کے بی آر ایس لیڈر الیاس قریشی نے مردم شماری کیلئے مسلمانوں میں شعور بیداری سے متعلق روز نامہ سیاست کی مہم کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ مسلمانوں کو مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے اپنے اور تمام افراد خاندان کے نام بی سی ای زمرہ میں درج کرانا چاہیئے۔ الیاس قریشی نے رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں کی اس تجویز کا خیرمقدم کیا کہ مسلمانوں کو محلہ واری سطح پر مردم شماری کے سلسلہ میں عوام سے تعاون کرنا چاہیئے تاکہ فارم کی خانہ پُری میں کوئی خامی نہ رہے۔ بی آر ایس قائد نے ائمہ اور خطیبوں سے اپیل کی کہ نماز جمعہ کے موقع پر اپنی تقریروں میں مردم شماری کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے میں مردم شماری اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کے صحیح تعین اور پسماندگی کے بارے میں حقائق منظر عام پر آنے کے بعد سرکاری اسکیمات میں حصہ داری کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6 نومبر سے 30 نومبر تک سرکاری ملازمین گھر گھر پہنچ کر تفصیلات درج کریں گے اور اس کام میں عوام کو عہدیداروں سے تعاون کرنا چاہیئے۔