مردم شماری کیلئے نظام آباد میں تجرباتی اقدام

   

موبائیل ایپ کے ذریعہ تفصیلات درج کرنے عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت، تربیتی اجلاس کا انعقاد

نظام آباد :7؍ اگسٹ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز))مردم شماری کیلئے 2سال قبل ہی اقدامات کرتے ہوئے گھر گھر پہنچ کر اندراج کرنے کی کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی، کلکٹر مسٹر رام موہن رائو نے پالی ٹیکنیک کالج میں منعقد ہ تربیتی اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے ضلع مستقر پر ڈیویژن نمبر 8 ، ڈیویژن نمبر 11 کو منتخب کیا گیا ہے لہذا ان ڈیویژنوں میں گھر گھر پہنچ کر تفصیلات اندراج کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 2021 ء میں مردم شماری کی جائے گی، اس سے قبل تجربہ کے طور پر شہر کے ڈیویژن نمبر 8 اور 11 کو منتخب کیا گیا ہے لہذا ان ڈیویژنوں کے ہر گھر تک پہنچیں اور تفصیلات حاصل کریں ۔ مردم شماری مرکزی حکومت کی جانب سے ایک بڑی مہم ہے جس کی کامیابی ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ مردم شماری کے موقع پر آبادی کے علاوہ خاندان کی تفصیلات بھی حاصل کی جاتی ہے اور تجربہ کیلئے دو سال قبل کام انجام دیا جارہا ہے تاکہ مردم شماری کے موقع پر پیش آنے والے مشکلات کو دور کرنے کیلئے اقدامات کیا جاسکے اور تفصیلات حکومت کے قواعد کے مطابق درج کریں ۔ موبائیل ایپ میں اس کی تفصیلات اندراج کریں ۔ پہلی مرتبہ تکنیکی سہولتوں کا استعمال کیا جارہا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں کم وقت میں اقدامات کئے جاسکیں اور ان دونوں ڈیویژنوں میں اندراج کے موقع پر ایپ کا استعمال کریں ۔ مردم شماری سے آبادی کی اعداد و شمار ، خواندگی، مرد ، خواتین کی تفصیلات ، سہولتیں ، ترقی ، پراجیکٹ کی تفصیلات اور عوام کو حاصل ہونے والی سہولتیں ، اسکیمات اور ان کے معاشی حالات اور کتنے افراد سطح غربت سے نیچے ہے اس کی تمام تفصیلات حاصل ہوجائے گی اور اس کے بعد حکومت کو ترقی کیلئے اور غریبی کے خاتمہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں سہولت فراہم ہوگی ۔ اسی غرض سے تربیت دی جارہی ہے لہذا اندراج کرنے والے افراد کو کوئی شکوک و شبہات ہوں تو اپنی تربیت میں اسے دور کرلیں ۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر جان سامسن ، وزارت داخلہ کے مملکتی جوائنٹ ڈائریکٹر چندر کلا کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔