مرلی منوہر جوشی کی ایل کے اڈوانی سے ملاقات

   

نئی دہلی 5 اپریل ( سیات ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی نے آج پارٹی کے بانی لیڈر ایل کے اڈوانی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ ایک دن قبل ہی اڈوانی نے کہا تھا کہ ان کی پارٹی نے کبھی بھی اس سے سیاسی اختلاف کرنے والوں کو قوم مخالف قرار نہیں دیا ۔ اڈوانی کے ریمارکس اس تناظر میں اہمیت کے حامل ہیں کہ بی جے پی کے اعلی قائدین بشمول وزیر اعظم نریندر مودی اور پارٹی صدر امیت شاہ اپوزیشن جماعتوں پر مسلسل قوم مخالف ہونے کے الزام عائد کر رہے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ جوشی آج اڈوانی کی قیامگاہ پہونچے اور انہوں نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اس ملاقات میں جو کچھ باتیں ہوئیں اس تعلق سے دونوں ہی قائدین نے کچھ بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے ۔ اڈوانی اور جوشی بی جے پی کے ان سینئر ترین قائدین میں شامل ہیں جنہیں پارٹی نے اس بار لوک سبھا کیلئے ٹکٹ نہیں دیا ہے ۔ اڈوانی کے گاندھی نگر حلقہ سے اس بار پارٹی صدر امیت شاہ مقابلہ کر رہے ہیں۔ جوشی بھی پارٹی کے بانیوں میں شامل ہیں اور وہ پارٹی کے تیسرے صدر بھی رہ چکے ہیں۔