مرکزی بجٹ میں تمام ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے : کے ٹی آر

   

ٹوئٹر پر نریندر مودی سے درخواست، مرکز کے مختلف وعدوں کی یاد دہانی

حیدرآباد۔/30 جنوری، ( سیاست نیوز) مودی جی بجٹ 2022 میں مرکز کی جانب سے تمام ریاستوں کیلئے یکساں طور پر فنڈز کی امید کرتا ہوں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے مرکزی بجٹ سے عین قبل ٹوئیٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی سے خواہش کی کہ بجٹ میں فنڈز کے الاٹمنٹ میں تمام ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت کا بجٹ حقائق پر مبنی رہے گا۔ مرکزی حکومت یکم فروری کو پارلیمنٹ میں بجٹ پیش کررہی ہے۔ مرکزی حکومت کے مختلف وعدوں کی یاددہانی کے ساتھ کے ٹی آر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹوئیٹ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی این ڈی اے حکومت پارلیمنٹ میں بجٹ 2022 پیش کرنے کی تیاری میں ہیں۔ اس موقع پر آپ کے وعدوں کو ایک مرتبہ پھر یاد دلانے کی کوشش کررہا ہوں۔ بجٹ میں تمام ریاستوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔ نیتی آیوگ کی سفارشات کے مطابق مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا کے لئے فنڈز الاٹ کرنے کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم جدید قانون 2014 میں جو تیقنات دیئے گئے تھے ان پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جیسی ترقی پذیر ریاست کی بھرپور مدد کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت کا بجٹ حقائق پر مبنی رہے گا۔ کے ٹی آر نے مرکزی حکومت کے وعدوں پر مشتمل اخباری تراشے اپنے ٹوئیٹ میں شامل کئے۔ نریندر مودی نے 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ 2022 تک ہر ہندوستانی کو مکان الاٹ کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔ ہر گھر کو پانی، برقی اور بیت الخلاء جیسی سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ کے ٹی آر نے یاد دلایا۔ کے ٹی آر کے اس ٹوئیٹ پر عوام کی جانب سے مثبت ردِ عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت سے مختلف اسکیمات اور وزارتوں کے تحت فنڈز کے حصول کیلئے چیف منسٹر کے سی آر، وزیر فینانس ہریش راؤ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر اور دیگر وزراء کی جانب سے حالیہ عرصہ میں وزیر اعظم اور مرکزی وزراء کو کئی مکتوب روانہ کئے گئے۔ ر