ریاستی وزیر دیاکر راؤ کا مطالبہ، بی جے پی قائدین کو دہلی میں دھرنے کا مشورہ
حیدرآباد۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مرکزی اداروں میں مخلوعہ 8 لاکھ 672 ہزار جائیدادوں پر فوری تقررات عمل میں لائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے حال ہی میں پارلیمنٹ میں انکشاف کیا تھا کہ مرکزی حکومت کے اداروں میں 8 لاکھ سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ مودی حکومت نے دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن گزشتہ 8 برسوں میں کوئی تقررات نہیں کئے گئے ۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ مودی حکومت کو اپنے وعدہ کی تکمیل کے ذریعہ لاکھوں بیروزگاروں کو راحت کا سامان کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو چاہئے کہ وہ مرکزی اداروں میں تقررات کیلئے نئی دہلی میں دھرنا منظم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بنڈی سنجے اور دیگر قائدین تلنگانہ میں 80,000 جائیدادوں پر تقررات کے اعلان کو قبول کرنے تیار نہیں ہے۔ اگر انہیں بیروزگار نوجوانوں سے ہمدردی ہے تو مرکز پر تقررات کیلئے دباؤ بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر نے 80,000 جائیدادوں پر تقررات کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ 11 ہزار سے زائد کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنایا جارہاہے۔ چیف منسٹر نے تقررات کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن اور دیگر محکمہ جات کے رکروٹمنٹ اداروں کے ذریعہ تقررات کا نوٹیفکیشن عنقریب جاری کیا جائے گا ۔ر