نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ایل مروگن کے خلاف دائر ہتک عزت کے 2020 کے ایک مقدمے میں معافی مانگنے کے بعد مقدمہ بند کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس بی آر گاوائی اور کے وی وشواناتھن کی بنچ نے بی جے پی لیڈر ایل مروگن کی معافی ریکارڈ پر لینے کے بعد انہیں راحت دینے کا حکم دیا۔ بنچ کے سامنے مسٹر مروگن کے وکیل نے کہا کہ ان کا کسی بھی طرح سے مدعا علیہان (چنئی میں مقیم مراسولی ٹرسٹ) کی ساکھ کو ٹھیس یا نقصان پہنچانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ مراسولی ٹرسٹ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سدھارتھ لوتھرا اور این آر ایلنگو نے بھی عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ وہ اس کیس کی مزید کارروائی نہیں کریں گے ۔ اس طرح عدالت نے بی جے پی لیڈر کی ہتک عزت کی کارروائی کو منسوخ کرنے کی اپیل پر مزید کارروائی روکنے کا حکم دیا۔ بنچ نے ٹرسٹ کی طرف سے مرکزی وزیر مملکت کے تئیں دکھائی گئی سخاوت کی تعریف بھی ریکارڈ میں درج کی۔