مریم نواز پر انجلینا جولی اسٹائل میں فوٹو سیشن کا الزام

   

ڈیرہ غازی خان : پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح صوبہ پنجاب کا جنوبی حصہ بھی سیلاب سے سخت متاثر ہے، جہاں ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔سیلاب سے متاثرہ پنجاب کے علاقوں میں ڈیرہ غازی خان (ڈی جی خان) بھی ہے، جہاں کا گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی دورہ کیا تھا۔ڈیرہ غازی خان کے علاقے ٹبی قیصرانی کے دورے کے دوران مریم نواز نے سیاہ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا اور وہ متاثرہ خواتین سے افسردہ حالت میں گلے بھی ملتی دکھائی دیں۔مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے اور متاثرین کے ساتھ تصاویر کھچوانے کے فوٹو اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے ان پر ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی کا فیشن کاپی کرنے کا الزام لگایا۔متعدد افراد نے دعویٰ کیا کہ جس طرح 2010 کے سیلاب کے بعد ہولی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے پاکستان کا دورہ کرکے متاثرہ خواتین کے ساتھ سیاہ لباس میں تصاویر بنوائی تھیں، اسی طرح مریم نواز نے بھی ان کا اسٹائل کاپی کرکے صرف فوٹو سیشن کروایا۔