مزدوروں کو 15 دن کے اندر مطلوبہ مقامات پر بھیجا جائے : سپریم کورٹ

,

   

ریاستی حکومتوں کی درخواست پر اندرون 24 گھنٹے شرامک ٹرین کی فراہمی اور مہاجر مزدوروں کیخلاف درج کیسیس واپس لینے کا حکم
نئی دہلی۔9 جون (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے منگل کے روز مختلف صوبوں میں پھنسے مزدوروں کو 15 دن کے اندر ان کے مطلوبہ مقامات پر بھیجنے کا حکم دیا۔جسٹس اشوک بھوشن کی سربراہی والی تین رکنی بنچ نے مہاجر مزدوروں کی حالت زار پر از خود نوٹس والی درخواست پر اپنا حکم سناتے ہوئے کہا کہ مہاجر مزدوروں کو آج سے 15 دن کے اندر اپنے گاؤں یا ان کے مطلوبہ مقام پر بھیجنے کا مکمل انتظام کیا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کی درخواست پر ریلوے 24 گھنٹوں کے ‘شرمک اسپیشل ٹرین’ فراہم کرائے گی۔ بنچ نے اپنے حکم میں واضح کیا کہ اپنے گھروں کو جانے کی کوشش میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے مزدوروں کیخلاف دائر مقدمات واپس لئے جائیں گے ۔بنچ نے تمام مہاجرمزدوروں کی شناخت کرکے تفصیلی جانکاری والا ڈیٹا تیار کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیر کنٹرول ریاستیں واپس لوٹنے والے مزدوروں کے لئے ملازمت کے منصوبے تیار کریں گی اور اس کی جانکاری ۔تفصیلات گاؤں اور بلاک سطح تک جلد سے جلد پہنچائیں گی۔ مشاورت مراکز لوگوں کو ان اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کریں گے ۔عدالت عظمی نے ان مزدوروں کی اسکل میپنگ کا بھی حکم دیا ہے

تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملازمت حاصل کرسکیں۔ عدالت عظمیٰ نے 8 جولائی کوان اسکیموں اور روزگار وضع کرنے سے متعلق معلومات سے آگاہ کرنے کا ریاستوں کو حکم دیا۔گذشتہ 5 جون کو بنچ نے تمام متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیاتھا ۔ سماعت کرنے والی بنچ جسٹس سنجے کشن کول اور جسٹس ایم آر شاہ پر مشتمل ہے ۔خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو ہونے والی میراتھن سماعت کے دوران عدالت نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے اپنے گھروں کو لوٹ رہے مزدوروں کو ان کے آبائی مقامات تک پہنچانے کیلئے مرکز اور ریاستوں کو 15 دن کا وقت دینے اشارہ دیا تھا۔مرکزی حکومت کی جانب سے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے بنچ کو آگاہ کیا تھا کہ مہاجرمزدوروں کو ان کے آبائی مقام تک پہنچانے کے لئے 3 جون تک 4,270 اسپیشل شرمک ٹرینیں’ چلائی گئی ہیں ۔ مسٹر مہتا نے کہا تھا کہ ابھی تک ایک کروڑ سے زیادہ مہاجر مزدوروں کو ان کی منزل تک پہنچایا گیا ہے اور بیشتر ٹرینیں اتر پردیش اور بہار گئی ہیں۔مسٹر مہتا نے کہا تھا کہ ریاستی حکومتیں بتاسکتی ہیں کہ اب کتنے مہاجر مزدورکارکنوں کو منتقل کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے کتنی ٹرینوں کی ضرورت ہوگی؟ انہوں نے بتایا تھا کہ ریاستی حکومتوں کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ایک چارٹ تیار کیا گیا ہے ۔ ابھی بھی 171 ٹرینوں کی ضرورت ہے ۔ دریں اثنا مختلف ریاستوں کے وکلاء نے بنچ کے سامنے اعداد و شمار پیش کئے تھے ۔