مساجد کو آباد کرنے کی فکر کرنا ضروری

   


اتحاد و اتفاق پر زور، مسجد جنگاؤں میں محمد جمال شریف کا خطاب
جنگاؤں۔ یکمینار مکہ مسجد جنگاؤں میں بعد نماز جمعہ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے حالات پر ہر مسلمان کو کڑی نظر رکھنا ضروری ہے۔ ہندوستان میں دن بہ دن فرقہ پرستی میں اضافہ ہورہا ہے۔ مسلمان یکجہتی سے رہتے ہوئے قوم و ملت کی ترقی کیلئے سوچنا ضروری ہے۔ ہماری مساجد کو شہید کیا جارہا ہے، تلنگانہ سکریٹریٹ کی دو مساجد کو شہید کیا گیا۔ حکومت فوری اسی جگہ پر مساجد کو تعمیر کرے۔ ہم سب کو مساجد کو آباد کرنے کی فکر کرنا ضروری ہے۔ مسلمان جس طرح جمعہ کے موقع پر مساجد میں جمع ہوتے ہیں اسی طرح پانچ وقت مسجدوں میں جمع ہوکر نماز کے پابند ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ دین کے راستہ پر چلیں تو دنیا میں بھی کامیابی ہوگی۔ اللہ کے احکامات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنے سے دین اور دنیا میں کامیابی حاصل ہوگی اور کوئی مسلمان پریشان نہیں رہے گا۔ آج ہمارے گھروں میں دین نہیں بلکہ ہم دنیا کی فکر میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان بھائی کو دین دار بنائے اور سچا و پکا مسلمان بنائے۔ بابری مسجد اور سکریٹریٹ کی دونوں مساجد کو اللہ تعالیٰ جلد سے جلد تعمیر فرمائے۔