مساجد کے انہدام پر اپوزیشن کی تنقید بے معنی

,

   

نئی تعمیر کے اعلان کے بعد پروپگنڈہ غیر ضروری : وزیر داخلہ محمود علی
حیدرآباد۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے سیکریٹریٹ کے احاطہ میں دو مساجد اور ایک مندر کے انہدام پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کی تنقیدوں کو مسترد کردیا ہے اور ان کو بے معنی قرار دیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اس کے باوجود تنقیدیں کر رہے ہیں کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے نئے سیکریٹریٹ میں ایک مسجد اور ایک مندر دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے یہ واضح اعلان کیا ہے کہ نئے سیکریٹریٹ کا افتتاح مسجد اور مندر میں عبادت کے بعد ہی کیا جائیگا ۔ ایسے میں غیر ضروری پروپگنڈہ کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو ریاستی حکومت کے ترقیاتی منصوبے نظر نہیں آ رہے ہیں اور ان کی وجہ سے اپوزیشن کا وجود ہی خطرہ میں پڑ گیا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو سکیولر لیڈر ہیں اور وہ تمام مذاہب کی فلاح کیلئے کام کر رہے ہیں۔ تلنگانہ عوام اس بات سے واقف ہیں کہ چیف منسٹر یادادری میں پہلے ہی ایک تاریخی مندر کی تزئین کر رہے ہیں۔ ان کیلئے سیکریٹریٹ میں ایک مسجد اور ایک مندر بنانا کوئی بڑی بات نہیں ہے ۔