مستحقین کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کا مطالبہ

   


سی آئی ٹی یو کی جانب سے تحصیلدار آفس کے روبرو احتجاج، تحصیلدار کو یادداشت

دوباک۔/24 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سی آئی ٹی یو سدی پیٹ ضلع خزانچی جی بھاسکر نے آج غریب عوام کے ساتھ ایم آر او آفس دوباک پہنچ کر تحصیلدار آفیسرکو ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دوباک منڈل ٹاؤن اور اطراف و اکناف دیہاتوں میںڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر ہوکر تیارہیں لیکن غریبوں کو مکانات الاٹ کرنے میں تاخیر کی جارہی ہے۔ بعض مقامات پر ڈبل بیڈ روم مکانات کا کام سست روی کے ساتھ چل رہا ہے ، تعمیری کام نامکمل ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام کرایہ کے گھروں میں ہزاروں روپئے کرایہ ادا کرتے ہوئے کافی مشکلات کی زندگی بسر کررہے ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ ان تمام نامکمل کاموں کو جلد سے جلد مکمل کرواکر غریب مستحقین کو مکانات حوالے کئے جائیں ورنہ سی آئی ٹی یو اور سی پی ایم کی جانب سے دھرنا، بھوک ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ دوباک ٹاون میں ڈبل بیڈ روم مکانات حاصل کرنے والے غریب مستحق افراد کے گھروں میں عام سہولیات جیسے پینے کا پانی اور بجلی کی سربراہی نہیں ہے جس سے غریب لوگ کافی پریشان ہیں۔ نامکمل کاموں کو مکمل کرلینے کیلئے غریبوں کو ایک لاکھ روپئے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیئے کہ نامکمل کاموں کو مکمل کروایا جائے۔ غریب مستحق افراد جن کو ڈبل بیڈ روم نہ ملا ہو ان تمام لوگوں کو 120 گز زمین الاٹ کی جائے اور جن افراد کے پاس زمین موجود ہے انہیں ڈبل بیڈ روم مکان تعمیر کرلینے کے لئے حکومت کی جانب سے 5 لاکھ روپئے کی منظوری دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دھرانی میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور زمینی مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ اس پروگرام میں سی آئیے ٹی یو ٹاؤن کنوینر کومپلی بھاسکر، قائدین بٹو راجو، بال راجو، رنجیت، ملیکارجن، صادق ، رویندر، کروناکر ، سائی اور دیگر موجود تھے۔