مسجد الحرام میں معذور زائرین کے لئے خصوصی خدمات

,

   


مکہ مکرمہ ۔ حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام میں معذور افراد کی سہولت کے لئے خصوصی انتظامات کر رکھے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مسجد الحرام میں معذوروں کی تمام ضرورتوںکو مد نظر رکھتے ہوئے خدمات کی فراہمی کی جا رہی ہے۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کی پہلی منزل پر اجیاد پل کے سامنے معذور افراد کے لیے خصوصی مصلی تیار کیا گیا ہے، ’یہاں معذوروں کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں نیز ایس او پیز سمیت بنیادی صحت خدمات کی فراہمی کا بھی انتظام ہے۔انتظامیہ کے مطابق وہیل چیئر کا استعمال کرنیو الے معمر اور معذور افراد کے لئے خصوصی گزرگاہوں کے علاوہ سماعت سے محروم افراد کے لئے اشاروں کی زبان میں رہنمائی کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسی طرح بینائی سے محروم افراد کی آسانی کے لئے خصوصی گزرگاہیں اور راستے ہیں جہاں وہ زمین پر ثبت ابھرے ہوئے نشانات کی مدد سے خود چل سکتے ہیں۔ انتظامیہ نے کہا ہے کہ عمرے کی ادائیگی کی غرض سے آنے والے معذور زائرین کو انتظامیہ کی طرف سے متعین عہدیدار خصوصی خدمات مفت فراہم کرتے ہیں۔