مسجد نبویؐ میں نماز ادائیگی کیلئے اجازت نامہ ضروری نہیں

   

مکہ مکرمہ :سعودی وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ مسجد نبویؐ شریف میں فرض نمازوں کی ادائیگی کے لیے اجازت نامہ کی ضرورت نہیں ہے۔عرب میڈیا کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ حرم مدنی میں داخلے کے لیے ویکسینیشن ضروری ہے اور وہی افراد داخل ہونے کے اہل ہیں جنہوں نے ویکسین لگوائی ہے۔مسجد نبوی ؐ میں نمازوں کے لیے آنے والوں کو توکلنا ایپ پر اسٹیٹس دکھانے کیلئے کہا جاتا ہے تاکہ ویکسینیشن سے متعلق معلومات مل سکیں۔جن افراد نے ویکسین کی دوخوراکیں لی ہیں یا ایک خوراک لیکر 14 دن گزر چکے ہیں انہیں مسجد میں نمازوں کی ادائیگی کے لیے اجازت نامہ کی ضرورت نہیں۔حج و عمرہ نے بیان میں مزید کہا کہ صلاۃ و سلام پیش کرنے اور روضہ شریفہ میں نماز ادا کرنے کے لیے اجازت نامہ پہلے بھی ضروری تھا اور اب بھی ہے۔دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہیکہ عالمی کورونا وبا کے پیش نظر بغیر اجازت عمرہ ادا کرنے کی کوشش پر 10 ہزار ریال فی فرد جرمانہ عائد کیا جائے گا جبکہ کورونا سے بچاؤ کے لیے محفوظ عمرہ ماڈل متعارف کروایا جارہا ہے۔