مسجد نبوی ؐ میں بچوں کو نہ لانے کی ہدایت

   


مدینہ منورہ ۔ مسجد نبوی ﷺ کے ترجمان جمعان العسیری نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے چھوٹے بچوں کو اپنے ہمراہ نہ لائیں۔ ترجمان مسجد نبوی ﷺ کے حوالے سے میڈیا نے مزید کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کے موقع پر بڑی تعداد میں دیگر شہروں سے زائرین مدینہ منورہ آرہے ہیں جن کی سہولت کے لئے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے جامع انتظامات کئے گئے ہیں۔ روضہ اطہرﷺ پرحاضری کے لئے آنے والے ضوابط کا خیال رکھیں اوراعتمرنا ایپ کے ذریعے پیشگی وقت حاصل کریں تاکہ وہاں پہنچ کر انہیں مشکل نہ ہو۔ترجمان العسیری نے مزید کہا کہ آنے والے زائرین کو چاہئے کہ وہ بچوں کی حفاظت کی خاطر انہیں اژدہام سے دور رکھیں اور ماسک کا استعمال لازمی طور پر کریں، مسجد نبویﷺ میں آتے اور جاتے وقت سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔ مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کے اصولوں کے تحت فرش پر علامتیں لگائی گئی ہیں تاکہ آنے والے زائرین ان علامتوں کے حساب سے فاصلے کو متعین کریں۔ مسجد نبوی ﷺ کے ترجمان جمعان العسیری نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ آنے والوں کی رہنمائی کے لئے بھی اضافی عہدیداروں کو متعین کیا گیا ہے۔