مسدی لال جویلرس کے خلاف سی بی آئی کا مقدمہ درج

   

75 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی و جعلسازی کے الزامات
حیدرآباد۔/21 جولائی، ( سیاست نیوز) شہر کے مشہور مسدی لال جویلرس کے خلاف سنٹرل بیورو انوسٹی گیشن نے دھوکہ دہی اور جعلسازی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انڈین اوورسیز بینک کے چیف ریجنل منیجر این روی چندرن نے مسدی لال جویلرس کے ڈائرکٹرس موہن لال گپتا اور پرشانت گپتا کے خلاف 75 کروڑ کی دھوکہ دہی اور جعلسازی کی شکایت سی بی آئی میں درج کروائی تھی۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے انڈین اوورسیز بینک کی شکایت پر مسدی لال جویلرس کے دو ڈائرکٹرس کے خلاف مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی ، جعلسازی اور دیگر دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا اور اس کیس کی تحقیقات کو سی بی آئی کے بینک سیکوریٹیز اینڈ فراڈ سیل کے حوالے کردیا۔ واضح رہے کہ نوٹ بندی کے بعد فرضی خریداری اور بل بنانے کے الزام میں سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس ) پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور مسدی لال جویلرس کے ڈائرکٹرس کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی جس میں منسوخ شدہ کرنسی کو غیر محسوب ذرائع سے حاصل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔