مسروقہ زیورات کی تصویر سے سارق کی نشاندہی

   

ماں کی حرکت سے سارق بیٹے کو سزاء، سارق پڑوسی گرفتار

حیدرآباد: مسروقہ زیورات کے ساتھ تصویرکشی ایک خاتون کیلئے وبال جان بیٹے کیلئے سزا سبب بن گئی۔ تقریباً ایک سال سے جاری پولیس کی تلاشی بھی ختم ہوئی اور پولیس نے واٹس ایپ کے ذریعہ ایک چور کو پکڑ لیا۔ پولیس ایک سال سے اس سارق کی تلاش میں تھی تاہم کوئی ثبوت پولیس کے ہاتھ نہیں آیا تھا بالآخر چور کا شور مچانا خود اس کیلئے مشکل کا سبب بن گیا۔ رچہ کنڈہ پولیس نے 12 جولائی 2019ء کے ایک سرقہ کے کیس کو حل کرلیا۔ ایک خاتون جو کرن کمار کے پڑوس میں رہتی تھی اس نے زیورات پہن کر تصاویر لیں اور ان تصویروں کو اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر رکھ لیا۔ اس اسٹیٹس کو دیکھنے کے بعد پڑوسی کرن حیران ہوگیا اور اس نے ایک سے زائد مرتبہ تصویروں کو دیکھنے کے بعد پولیس سے رجوع ہوگیا۔ کرن کے مکان میں گذشتہ سال جولائی میں سرقہ ہوا تھا اور اس واردات میں کرن کے گھر کو لوٹ لیا گیا تھا۔ کرن کی شکایت کے بعد پولیس سارق کو تلاش کررہی تھی۔ تاہم پولیس کو کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوا تھا اور تحقیقات سست روی کا شکار ہوگئی تھیں۔ بالآخر گذشتہ روز کرن نے دیکھا کہ اس کی پڑوسی خاتون نے تصویر واٹس اپ اسٹیٹس پر رکھی ہیں تو اس نے زیورات کو پہچان لیا اور پولیس کو چوکنا کیا۔ پولیس نے پڑوسی جتیندر کو گرفتار کرلیا اور اس کی والدہ کو نوٹس جاری کردی۔ پولیس سمجھتی ہیکہ بیٹے کی حرکت سے ماں واقف تھی بلکہ ماں بھی اس سازش کا حصہ دار ہے۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔