مسلمانوں سے مردم شماری میں حصہ لینے جناب عامر علی خاں کی اپیل

   

بی سی ای زمرہ میں نام درج کرائیں ، تعلیمی اور معاشی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے زرین موقع
حیدرآباد ۔4۔نومبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل نے تلنگانہ کے اقلیتی طبقات سے اپیل کی ہے کہ 6 نومبر سے شروع ہونے والی ذات پات پر مبنی مردم شماری میں حصہ لیتے ہوئے اپنی شناخت درج کرائیں۔ حکومت نے ریاست میں تمام طبقات کی سماجی ، معاشی ، تعلیمی اور سیاسی پسماندگی کا جائزہ لینے کیلئے مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک ماہ کے عرصہ میں ریاست بھر میں گھر گھر پہنچ کر سرکاری ملازمین تفصیلات حاصل کریں گے۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ سماجی انصاف کے تحت سرکاری اسکیمات میں موثر حصہ داری کو یقینی بنانے کیلئے ضروری ہے کہ اقلیتیں بالخصوص مسلمان مردم شماری میں حصہ لیتے ہوئے اپنا نام بی سی طبقات کے ان زمرہ جات میں درج کرائیں جن سے وہ تعلق رکھتے ہیں۔ تلنگانہ میں بی سی زمرہ کے تحت بی سی (بی) میں مسلم اقلیت کے بعض گروپس شامل ہیں جو سماج میں مختلف پیشہ جات سے وابستہ ہیں جبکہ مسلمانوں کی اکثریت کے لئے کوئی علحدہ زمرہ مختص نہیں کیا گیا۔ مسلمانوں کے 14 طبقات کو بی سی ای زمرہ میں شامل کرتے ہوئے ملازمتوں اور تعلیم میں 4 فیصد تحفظات کانگریس حکومت نے آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں فراہم کئے تھے۔ جناب عامر علی خاں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ شمار کنندگان کی آمد کے موقع پر تمام تر تفصیلات درج کرائیں اور خاص طور پر اپنے نام اس زمرہ میں شامل کریں جس سے وہ تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی ا کثریت سماجی اور معاشی طور پر پسماندہ ہے ، لہذا وہ اپنے نام بی سی ای زمرہ میں شامل کریں تاکہ تلنگانہ میں مسلم اقلیت کی حقیقی آبادی کے علاوہ ان کی پسماندگی کا اندازہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری مسلمانوں کے لئے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی پسماندگی کو ثابت کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات میں اپنی حصہ داری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محلہ واری سطح پر ذی اثر افراد اور رضاکارانہ تنظیموں کو چاہئے کہ وہ عوام میں شعور بیداری کا کام انجام دیں تاکہ کوئی بھی مسلم خاندان مردم شماری سے محروم نہ رہے۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ حکومت سروے اور مردم شماری کی بنیاد پر تمام طبقات کو فلاحی اسکیمات اور بجٹ میں حصہ داری کا فیصلہ کرے گی۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے وعدہ کیا ہے کہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں مردم شماری کی بنیاد پر پسماندہ طبقات کو حکومت کی اسکیمات میں حصہ داری دی جائے گی۔ کانگریس برس اقتدار آنے پر قومی سطح پر مردم شماری کا وعدہ کیا گیا ہے ۔ جناب عامر علی خاں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ اگر وہ بی سی کے کسی زمرہ میں شامل نہیں ہیں تو اپنا نام بی سی ای زمرہ میں درج کرائیں تاکہ تعلیم اور ملازمت میں نوجوانوں کو موثر نمائندگی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کی مجموعی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے مردم شماری ایک بہترین موقع ہے جس سے ہر مسلمان کو استفادہ کرنا چاہئے۔ 1