ایس آئی آر کیلئے مکمل رہنمائی پرزور ، نظام آباد جمعیتہ العلماء کی مجلس عاملہ کا اجلاس ، مولانا سید سمیع اللہ ، حافظ پیر خلیق احمد صابر کا خطاب
نظام آباد۔ 5 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد کی جمیعۃ علماء کی مجلسِ منتظمہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جمعیۃ علماء تلنگانہ کے ریاستی جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔ اجلاس میں ضلع بھر کے ذمہ داران اور اراکینِ مجلس نے مختلف ملی، سماجی اور تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اجلاس کا آغاز حافظ عقیل ، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء بودھن، کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں حافظ افسر مظہری، صدر جمعیۃ علماء بودھن، نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ پاک کا منظوم نذرانہ پیش کیا۔اس کے بعد مولانا سید سمیع اللہ قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں مسلمانوں کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ شرپسند عناصر کی سازشوں اور اشتعال انگیزیوں کا منظم، پُرامن اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مؤثر سدِباب کیا جائے۔ اس ضمن میں حال ہی میں آرمور کے ایک اردو ٹیچر کے ساتھ پیش آئے افسوسناک واقعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اجتماعی بیداری اور بروقت اقدامات ناگزیر ہیں۔اجلاس میں SIR سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ذمہ داران کو ہدایت دی گئی کہ عوام میں اس سلسلہ میں بیداری پیدا کریں، فارم بھرنے میں مکمل رہنمائی فراہم کریں اور ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائیں ۔ ایک منظم سوشل میڈیا ٹیم تشکیل دینے کی رائے پیش کی گئی، تاکہ ملت کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے اور معاشرے میں امن و بھائی چارے کے فروغ میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔اجلاس میں مختلف درپیش مسائل اور حالاتِ حاضرہ کے پیشِ نظر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ایک عظیم الشان اجلاسِ عام بروز اتوار، 26 جولائی 2026ء منعقد کیا جائے گا۔آخر میں ریاستی جنرل سکریٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے اپنے خطاب میں جمعیۃ علماء کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اتحاد، نظم و ضبط اور اخلاص کے ساتھ عوام کی رہنمائی اور خدمت کے فریضہ کو انجام دیں، موجودہ حالات میں ملت کے ہر فرد تک صحیح معلومات پہنچائیں اور جمعیۃ علماء کے پیغام کو مؤثر انداز میں عام کریں۔اس موقع پر نصیر الدین ، یحییٰ ظفر نائب صدر جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد ، افضل الدین جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد ، عنایت علی افروز خازن جمعیتہ علماء ضلع نظام آباد ، حافظ عتیق سیکریٹری ، مولانا عبدالناصر آرگینایزر سیکرٹری ، مفتی شیخ محمود ابولحمود قاسمی ، مفتی رفیق ذاکر قاسمی، مفتی عبدالماجد قاسمی صدر جمعیتہ علماء چندور ورنی ، مفتی نظام الدین صدر جمعیتہ علماء پوچم پاڈ ، حافظ افسر مظہری صدر جمعیتہ علماء بودھن ، حافظ افضل صدر جمعیتہ علماء رنجل ، حافظ عبدالرشید صدر جمعیتہ علماء نندی پیٹ ، مولانا صابر مفتاحی صدر جمعیتہ علماء ویلپور، مولانا عاطف ایوبی نمائندہ جمعیتہ علماء ایڑپلی ، مفتی عبدالعظیم آرمور ، قاضی عبدالمجید آرمور ، حافظ عقیل جنرل سکریٹری جمعیتہ علماء بودھن ، مولانا سید ثناء اللہ فاسمی ، حافظ ابراہیم اشاعتی ، مولانا زبیر مدنی ، احمد علی خان جرنلسٹ ، حافظ عبدالولی مظہری ، عبداللہ انجینئرودیگر موجود تھے۔