مسلمانوں کی ذلت، دولت کی قلت سے نہیں، اسلام سے غفلت کا نتیجہ

   


جنگاؤں میں جلسہ میلاد النبی ؐ و نعتیہ مشاعرہ، علماء کا خطاب، ڈپٹی کمشنر پولیس سیتارام، صدر چیمبر آف کامرس پی لنگیا و دیگر کی شرکت

جنگاؤں ۔ 23 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مومن یوتھ چیارٹیبل ٹرسٹ جنگاؤں ضلع کی جانب سے جمعہ کو بعد نماز مغرب ایکمینار چوراستہ گرنی گڈہ جنگاؤں پر جلسہ میلاد النبی ؐ و نعتیہ مشاعرہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت محمد مجیب الرحمن سکریٹری رحمن بی ایڈ کالج جنگاؤں نے کی۔ کنوینر پروگرام محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے کہا کہ نوجوانوں کی جانب سے یہ پروگرام کیا گیا ہے۔ نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں صاحب اپنی مصروفیت کی وجہ سے پروگرام میں شرکت نہیں کئے، پروگرام کی کامیابی کے لئے دعا کی ہم ان کے مشکور ہیں۔ روزنامہ سیاست اردو زبان کی ترقی کے لئے بے لوث خدمت انجام دے رہا ہے۔ 75 سال مکمل کرلیا ہے اور روزنامہ سیاست سے کئی ایک فلاحی کام بھی انجام دیئے جارہے ہیں۔ مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر آف پولیس جنگاؤں سیتارام نے کہا کہ میلاد النبی ؐ کے جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے مجھے مسرت حاصل ہو رہی ہے۔ ہم سب کو مل کر رہنا ہے۔ قومی یکجہتی کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ ہندو ۔ مسلم سب انسان ہیں، انسانیت کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم صرف مسلمانوں کے نبی ؐ نہیں تھے آپ ؐ سارے عالم کے نبی ہیں جس سے ہمیں بڑا فخر محسوس ہوتا ہے۔ ضلع جنگاؤں کا ماحول مجھے پیارا لگا اس لئے کہ یہاں کسی قسم کا بھید بھاؤ، ذات پات نہیں ہے۔ مفتی محمد زاکر ورنگل نے نبی کریم ؐ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حضور ؐ نے مکہ کی سرزمین پر امن و امان قومی یکجہتی وحدانیت کا درس دیا۔ مولانا عبد الحفیظ قاسمی صدر جمعیۃ العلماء جنگاؤں، مولانا فصیح الاسلام امام خطیب مدینہ مسجد، مولانا رشید امام و خطیب بلال مسجد، خالد سعید ناظم جماعت اسلامی ہند جنگاؤں نے کہا کہ نئی نسل آج عصری ٹکنالوجی کے سبب عریانیت، فحاشی، بے حیائی کی طرف زیادہ سے زیادہ راغب ہو رہی ہے۔ اس سے دور کرنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ انہیں قرآن اور سیرت طیبہ سے قریب کیا جائے۔ ہمارے پیارے نبی ؐ نے ہر قسم کی تکالیف کو برداشت کیا لیکن راہ حق سے منہ نہ موڑا اور ہمیشہ ثابت قدم رہتے ہوئے اللہ رب العزت کی وحدانیت کے پیغام کو عام کیا۔ حضور ؐ نے ساری دنیا میں قرآن کا ایک مثالی معاشرہ قائم کیا۔ علماء نے کہا کہ خود کو بدل دو قسمت بدل جائے گی۔ مسلمان کی ذلت دولت کی قلت کے باعث نہیں بلکہ اسلام سے غفلت کی وجہ سے ہے۔ چیمبر آف کامرس صدر جنگاؤں پی لنگیا نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت موجودہ دور کے لے رحمت ہے۔ حضور ؐ کی شان میں کتنے بھی جلسہ رکھیں کم ہے۔ ہم سب کو مل کر رہنا ہے۔ اس موقع پر مومن یوتھ چیارٹیبل ٹرسٹ کے ذمہ داران محمد رافع متین ایڈوکیٹ، محمد شاہنواز، ارشاد عبدالہادی، علیم، عادل، طارق الٰہی، عبدالمنان رضی نے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ان کی شال پوشی کی گئی۔ بعد جلسہ میلاد النبی ؐ نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں حیدرآباد کے شعراء ڈاکٹر فاروق شکیل، ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری، فرید سحر کے علاوہ ورنگل کے شعراء کرام اقبال درد، ناصر واحدی، ماہر عابدی، خواجہ کیفی، میزبان شاعر ڈاکٹر رحیم رامش نے کلام پیش کیا گیا۔ ڈاکٹر طیب پاشاہ قادری نے اپنے مخصوص لحن میں نعتیہ کلام سناکر داد حاصل ی جنہیں سامعین نے بے حد پسند کیا۔ نظامت کے فرائض فرید سحر نے بہ حسن خوبی انجام دیئے۔ بعد ازاں مومن یوتھ چیارٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے طعام عام کا نظم کیا گیا۔ آخر میں محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و کنوینر پروگرام نے تمام فرزندان توحید کا شکریہ ادا کیا۔ اس جلسہ میلاد النبی ؐ نعتیہ مشاعرہ میں کثیر تعداد موجود تھی۔ اس جلسہ میں سابقہ کونسلر اعجاز، ٹی ایس میسا صدر انکشاولی، انور شریف، ادریس، ارشد، ناہد، رئیس، انور صدر جمعیۃ الشاب، سلیم ٹی آر ایس، غالب، سلیم، فیصل جرنلسٹ، میاں بھائی، انور صدر بلال مسجد، اظہر صدر مدینہ مسجد، منیر احمد خاں، عظیم جرنلسٹ، الطاف حسین، بابا، محمد شبیر، محمد محسن، عباس اور دوسرے شریک تھے۔