مسلمانوں کے بعد عیسائی برادری ہندوتوا بریگیڈ کا نشانہ

   

مشنریز آف چیارٹی کے کھاتے منجمد کرنے کی مذمت ، چدمبرم کا ردعمل
نئی دہلی : سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے آج مرکزی حکومت اور میڈیا کے بڑے گوشے کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ نوبل انعام یافتہ مدرٹریسا کی مشنریز آف چیارٹی کو فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ کی تجدید مسترد کئے جانے پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ چدمبرم نے الزام عائد کیا کہ مسلمانوں کے بعد عیسائی برادری ہندوتوا بریگیڈ کا نیا ٹارگٹ ہے ۔ کانگریس لیڈر نے ٹوئٹر کے ذریعہ اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ کیا آپ نے نوٹ کیا کہ اصل دھارے کے میڈیا نے مشنریز آف چیارٹی سے متعلق نیوز کو غائب ہی کردیا یہ افسوس کی بات ہے ۔ ایم او سی رینیول سے انکار این جی اوز پر راست حملے کے مترادف ہے ۔ چدمبرم نے کہا کہ مشنریز آف چیارٹی کے بینک کھاتوں کو حکومت نے منجمد کردینے کا قابل اعتراض کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے راست طور پر علیل اور غریب افراد سب سے زیادہ متاثرہوں گے ۔ انہوں نے وزیراعظم سے اس معاملہ میں مداخلت اور ضروری اصلاح کیلئے زور دیا ۔ تاہم مرکز نے وضاحت کی ہے کہ اس نے بینک کھاتے منجمد نہیں کئے ہیں ۔