مسلمان اللہ تعالیٰ کی ذات سے ڈریں ٗ نبی مکرمﷺ کی محبت ہی اصلِ ایمان

   

مرکزی جلسہ شب ِ برأت و تحفظ ِ ناموس رسالتؐ ، مہمان مقرر مفتی سلمان ازہری ، مفتی ثناء اللہ قادری یوپی و دیگر کے خطابات
حیدرآباد۔8 ۔مارچ ( راست ) تمام کائنات کا خالق اللہ رب العزت ہے جس کی بادشاہت و قدرت کسی کی سمجھ میں آسکتی ہے اور نہ کوئی اسے سمجھنے کی کوشش کرسکتا ہے ۔ یہ بڑا ہی کرم ہم پر کہ رب تعالیٰ نے ہمیں اُمت ِ محمدیہ ﷺ میں پیدا فرمایا اور ساتھ ہی ساتھ نبی پاک ﷺ کے چاہنے والوں میں ہمارا شمار فرمایا ۔ اور ہمیں اپنی رحمت سے کئی ایک انعامات عطا فرمائے ۔ انہی انعامات میں سے یہ عظمت والی شب جو توبہ ومغفرت کی عظیم شب کہلاتی ہے اسے بھی نصیب فرمائی ۔ یقینا اس شب میں عبادات وذکر الہٰی کرنا ، ذکر رسول ﷺسننا یقینا گناہوں سے بخشش اور مغفرت کا ذریعہ بنے گا ۔ماہِ شعبان کی فضیلت کئی احادیث سے ثابت ہے شعبان کے مہینہ کو نبی پاکﷺ کا مہینہ کہا جاتا ہے اور اس ماہ میں آپ ﷺ کثرت سے روزوں کا اہتمام کرتے ۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے 21 واں مرکزی جلسہ شب برأت و تحفظ ِ ناموس رسالت ﷺ منعقدہ چنچل گوڑہ کالج گراونڈ سے مہمانِ مقرر مفتی سلمان ازہری (فاضل جامعہ ازہر) نے کیا ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے مہمان مقررین کا استقبال کیا ۔ کانفرنس کی قیادت حضرت سید محمد رفیع الدین حسینی قادری شرفی نے کی ، صدارت حضرت سید خلیل اللہ شاہ بابا قادری قدرتی محبوبی ، سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی نگرانی محمد شوکت علی صوفی نے کی ۔ صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ( ایڈوکیٹ ) نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔ مہمانان ِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد ظہیر الدین رضوی القادری ، مولانا مرشد عالم ، مولانا طیب مومن ، مولانا ممتاز اشرفی ، محمد عظیم برکاتی ، جناب سید اعزاز محمد نے شرکت کی ۔جلسہ کا آغاز کلیم الدین حسان کی قرأت سے ہوا ، مہمان نعت خواں عادل اشرفی (ممبئی) نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ دوسرے مہمان مقرر مفتی ثناء اللہ قادری (بریلی شریف) نے اپنے کہا کہ آج کی رات عظمت و فضیلت والی رات ہے کیونکہ یہ بخشش و مغفرت والی رات ہے بندوں کی حیات و موت کے فیصلوں والی رات ہے ،ہم آج کی اس شب گناہوں سے سچی توبہ کریں، والدین کو راضی کریں ، رب تعالیٰ کے حضور گڑگڑاکر دعائیں مانگیں ۔ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ اپنی اولاد کی صحیح طور پر تربیت کریں ، نمازوں کا پابند بنائیں ، قرآن کی تلاوت کا عادی بنائیں ۔ علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی اور مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر کمیٹی ) نے بھی خطاب کیا ۔ آخر میں عالم اسلام کے مسلمانوں بالخصوص شام ، ترکی ، یمن ، فلسطین کیلئے رقت انگیز دعا کی گئی ، صلوٰۃ و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔ محمد عادل اشرفی ، محمد عبدالکریم رضوی ، محمد عبدالمنان عارف ، سید طاہر حسین قادری ، محمد عبید اللہ سعدی قادری شرفی نے انتظامات کئے ۔