مسلم اقلیتی قبرستانوں میں ہائی ماسک پولس اور لائٹس کاانتظام کریں: کونسلر محمد لائق احمد

   

بھونگیر ۔3 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میونسپل آفس میں میونسپل چیئرپرسن تھنگلّاپلی شریوانی اور میونسپل کمشنر سے 30 ویں وارڈ کے کونسلر محمد لائق احمد کی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی اور ایک یادداشت پیش کی۔ اس یادداشت میں مطالبہ کیا گیا کہ شہر کے مسلم اقلیتی قبرستانوں میں ہائی ماسک پولس نصب کیے جائیں اور نئی لائٹس کا انتظام کیا جائے۔ اس مطالبے پر چیئرپرسن اور کمشنر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔اس موقع پر کونسلروں نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس دیرینہ مسئلے کو معزز رکن اسمبلی کمبھم انیل کمار ریڈی کے علم میں لایا گیا، جس پر انہوں نے فوری اور مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے بات چیت کی اور جلد سے جلد نئے پولس اور لائٹس لگوانے کا تیقن دیا۔ اس تعاون پر کونسلروں نے شہر کے مسلم اقلیتوں کی جانب سے ایم ایل اے صاحب کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ رات کے وقت تدفین کے دوران روشنی کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس وفد میں 27 ویں وارڈ کے کونسلر محمد برہان الدین، میونسپل کوآپشن ممبر شجاعت علی کوثر، 7 ویں وارڈ کی کونسلر کْکّدوْو پدما سومیا اور دیگر موجود تھے۔