تہران، 31 جولائی (یو این آئی): ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مصر کی ایک بندرگاہ پر دو جہازوں کو ڈرونز سے نشانہ بنانے کے واقعے کو اسرائیل کا “فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات کا مقصد خطے کے امن کو سبوتاژ کرنا اور مسلم ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنا ہے ۔عباس عراقچی نے اپنے بیان میں کہا کہ سب کو اسرائیل کی ان سازشوں اور فالس فلیگ آپریشنز سے ہوشیار رہنا چاہیے ، جن کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا اور امن کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ خطرہ واضح اور مشترکہ ہے ، جو پوری مسلم دنیا کے اتحاد کو لاحق ہے ۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران مصر کو اپنا دوست اور خطے میں ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے ، جبکہ مصر کی سلامتی اور استحکام تہران کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔