مسلم نوجوان پر ہجومی تشدد، تین ملزمین گرفتار ۔ امن میں رخنہ پر کارروائی، پولیس کا انتباہ

   

حیدرآباد31اکتوبر(یو این آئی) ضلع آصف آباد میں ہجومی تشدد معاملہ میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتارکرلیا۔غیرمسلم لڑکی کے ساتھ نظرآنے پر مسلم نوجوان کو ہجومی تشدد کا شکار بناکر اس کو شدید طورپرزخمی کردیاگیا تھا۔ہجوم نے درخت سے باندھ کر اور پھر اس کو کھول کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی ویڈیوزوائرل ہوگئی تھیں۔متاثرہ شخص کی ماں کو طلب کرکے ان پر بھی حملہ کیاگیا تھاجن کی شکایت پر پولیس نے وہاں پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد مرتھڈی گاؤں سے تعلق رکھنے والے اس 19سالہ نوجوان جس کی شناخت عابد حسین کے طورپر کی گئی کو ہجوم سے بچاکر اسپتال منتقل کیا تھا ۔ ہجوم نے پولیس پر بھی حملہ کیا تھا اورپولیس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔کاغذ نگر ڈی ایس پی رامانجم اور کاغذ نگر رورل سی آئی سرینواس نے بتایا کہ ایسگاوں موضع میں 26 اکٹوبر کو پیش آئے واقعہ میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ بعض ملزمین مفرور ہیں جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لے ، اگر کوئی مسئلہ ہو توپولیس میں شکایت درج کروائیں، سوشل میڈیا پر غیر ضروری افواہیں پھیلانے والوں، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔