مسلم پرسنل لا بورڈ کا ایودھیا فیصلہ پر آج اہم اجلاس

,

   

لکھنو ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ایودھیا کیس میں سپریم کورٹ فیصلہ پر ہفتہ کو مختلف مسلم جماعتوں کے ساتھ یہاں غوروخوض اور تبادلہ خیال کی نشست کا اہتمام کیا، جو اتوار کے کلیدی اجلاس سے قبل منعقد ہوئی، جس میں طے کیا جائے گا کہ آیا فاضل عدالت کے فیصلہ پر مرافعہ داخل کیا جائے یا نہیں؟ بورڈ کے سکریٹری ظفریاب جیلانی نے کہا کہ شرکاء جماعتوں نے جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا ولی رحمانی سے ملاقات کی اور انھیں ایودھیا مسئلہ سے واقف کرایا۔ انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ’’قابل فہم نہیں‘‘ اور مرافعہ کی طرف پیش رفت کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے متفقہ فیصلے میں ایودھیا میں متنازعہ مقام پر رام مندر کی تعمیر کیلئے راہ ہموار کردی اور مرکز کو ہدایت دی کہ مسجد کی تعمیر کیلئے سنی وقف بورڈ کو پانچ ایکڑ کا پلاٹ الاٹ کرے۔ عدالتی فیصلے کے فوری بعد مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس پر عدم اطمینان ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ بورڈ اس فیصلے پر نظرثانی کیلئے رجوع ہونے پر غور کررہا ہے۔ جیلانی نے بتایا کہ مسلم جماعتوں کی رائے ہے کہ ایودھیا میں مسجد کیلئے پانچ ایکڑ کا پلاٹ نہیں لینا چاہئے۔