واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باور کرایا ہے کہ وہ لڑائی کے دائرہ کووسیع ہونے سے روکنے کیلئے اپنی انتہائی کوششیں کر رہے ہیں۔اتوار کے روز وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم وسیع تر جنگ سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، ہم ابھی تک اس سمت میں زور دے رہے۔ جو بائیڈن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تقریبا 12 ماہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں علاقائی کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔دوسری جانب لبنانی تنظیم حزب اللہ نے تازہ ترین کارروائی میں حیفا شہر کے شمال میں اسرائیلی کمپنی کے فوجی صنعتی کمپلیکس کو درجنوں راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ یہ رواں ہفتے تنظیم کے ارکان کے پاس موجود ہزاروں مواصلاتی آلات (پیجر اور واکی ٹاکی) کو دھماکے سے اڑانے کی کارروائی کے بعدپہلا جوابی حملہ ہے۔